امریکہ نے معاہدہ کی خلاف ورزی کی تو یہ بڑی غلطی ہوگی، حامد الحق حقانی
راجن پور(آئی ا ین پی)جمعیت علمائے اسلام اوردفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ قطر معاہدہ میں کیڑے نکالنے والے افغانستان میں جاری خونریزی کو ختم نہیں کرنا چاہتے، طالبان کو ٹیبل پر لانے میں میرے والد شہید مولانا سمیع الحق کا بڑا کردار ہے، انہوں نے اپنے سرپر شہادت کا تاج تو سجادیا لیکن طالبان کی سرپرستی کو نہیں چھوڑا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ ضلع بہاولپور اور ضلع راجن پور میں کارکنوں کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مولانا حامد الحق حقانی نے بہاولپور میں جامعہ نظامیہ میں ضلعی امیر مولانا شمس الدین انصاری کی عیادت کی اور علما سے مختصر خطاب کیا، انہوں نے کہاکہ اگر امریکہ نے معاہدہ کی خلاف ورزی کی توان کی بہت بڑی غلطی ہوگی اور دنیا کے اندر اس سے بڑھ کر رسوائی کا سامنا کرے گا، مولانا حامد الحق نے احمد پورشرقیہ میں جمعیت علمائے ا سلام کے دو مخلص رہنماوں مولانا محمداحمد محمودی اورمولانا محمد اسلام قریشی کے لئے فاتحہ خوانی اوردعائے مغفرت کی، یہاں ضلع بہاولپور جمعیت کے ضلعی شوری کے اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،انہوں نے کہاکہ قطر معاہدہ میں پاکستان،قطر،سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک کا کردار قابل تحسین ہے،اس سے استحکام کا ایک نیا دور شروع ہوگا، جو پاکستانی قوم کے لئے خوش آئندہ ہے۔
حامد الحق حقانی