ایجوکیشن میں 2012میں کی گئی تمام بھرتیاں غلط نہیں، سعید غنی
دادو (این این آئی) صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن میں سال2012کے دوران کی گئی تمام بھرتیاں غلط نہیں،سیکریٹری تعلیم کو درست بھرتیوں کے حامل اساتذہ کا معاملہ حل کرنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ سابق وزیر تعلیم پیر مظہر الحق کے صاحبزادے اور رکن صوبائی اسمبلی پیر مجیب الحق نے کہا ہے کہ سندھ کے صرف6اضلاع میں سال 2012کے اساتذہ کو تنخواہیں نہ دیکر زیادتی کی جا رہی ہے،ہمارا منشور روزگار دینا ہے چھینا نہیں، پیپلز پارٹی اپنے دور میں ملازمتیں دینے والو ں کو فوری تنخواہیں جاری کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیر پور اور دادو میں منعقدہ کھلی کچہریوں میں سال2012کے اساتذہ کی جانب سے تنخواہیں جاری کرنے کے مطالبے پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔خیر پور میں کھلی کچہری کے دوران خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ سال2012میں بھرتی ہونیوالے اساتذہ کا معاملہ ان کے علم میں ہے۔میں خود معاملے کو حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لے رہا ہوں قواعد و ضوابط کے مطابق بھرتی ہونیوالوں کو ان کا حق ضرور ملے گا۔ وزیر ثقافت اور سابق وزیر تعلیم کی دادو میں کھلی کچہری سے خطا ب کرتے ہوئے سابق وزیر تعلیم پیر مظہر الحق کے صاحبزادے اور رکن صوبائی اسمبلی پیر مجیب الحق نے کہا کہ جب سید سردار شاہ وزیر تعلیم تھے تو میں نے ان سے ملاقات میں سال 2012کے اساتذہ پر تفصیلی بات کی اور اسمبلی میں بھی آواز اٹھائی اور آئندہ بھی اساتذہ کے حق کی بات کرتا رہوں گا۔پیر مجیب الحق نے کہا کہ8برسوں سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ کو ہرگز عدالت کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے۔انہوں نے کہا کہ 8برس قبل بھرتی ہونیوالے اساتذہ کا معاملہ جائز ہے پیپلز پارٹی نے گذشتہ دور حکومت میں بھرتی ہونیوالے اساتذہ کو تنخواہیں دیدیں مگر افسوس اس بات کاہے کہ وہ اپنے دور میں بھرتی اساتذہ کو تنخواہیں جاری نہ کر سکی۔انہوں نے وزیر ثقافت سید سردار شاہ سے اپیل کی وہ اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے قائم کمیٹی کے ممبر ہونے کی حیثیت سے معاملے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیکھیں اور فوری تنخواہ دی جائے۔