صوبے میں کرونا وائرس سے متاثرہ کوئی کیس سامنے نہیں آیا:ڈاکٹر امجد
پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے صوبے میں کرونا وائرس سے بچاو کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ خیبرپختونخوا میں تاحال کرونا وائرس سے متاثرہ کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا اور ہسپتالوں میں مشتبہ کیسز کے حوالے سے خصوصی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ سول ہسپتال بریکوٹ، سوات میں پوسٹ مارٹم روم کے افتتاح کے موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام کو کرونا وائرس کی علامات اور اس سے بچاو کے حوالے سے خود کو آگاہ رکھنا چاہئیے، حکومت نے وائرس سے بچاو کے لئے ائیرپورٹس اور سرحدی گزار گاہوں پر سکریننگ کے سخت انتظامات کر رکھے ہیں۔ پوسٹ مارٹم روم کے افتتاح پر ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ اس سے قبل تحصیل بریکوٹ سے لعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے مینگورہ بھجوائی جاتی تھیں تاہم اب غالیگے اور شموزئی پولیس اسٹیشن یہاں پر پوسٹ مارٹم کی سہولت سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم روم کے لئے سٹاف جلد مقرر کیا جائیگا۔ وزیر ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن پر بھی بہت جلد کام کا آغاز کردیا جائیگا جس پر تقریبا انیس کروڑ روپے کی لاگت آئیگی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں سرکاری ہسپتالوں کی حالت بدلی ہے اور اب عوام کو صحت کی سہولیات کے حصول میں کوئی دقّت پیش نہیں آتی۔