جماعت اسلامی نے ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے:حافظ نعیم الرحمٰن
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے ملکی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، ہم ووٹ کی طاقت کے ذریعے پاکستان میں جاری ظلم کے نظام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں، پاکستان میں حقیقی تبدیلی جماعت اسلامی ہی لاسکتی ہے، جماعت اسلامی معاشرتی اور حکومتی سطح پر حقیقی تبدیلی کیلئے آئینی، قانونی اور سیاسی و جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، ان ہی مقاصد اور اصولوں کے تحت مولانا مودودیؒ نے جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی تھی، ہمارے پیش نظر رضائے الٰہی کا حصول ہے، کامیابی اور ناکامی کا معیار دوسری جماعتوں اور گروہوں سے مختلف ہے، ہمیں اقامت دین کی جدوجہدبھرپور طریقے سے جاری رکھنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد الفلاح بلاک A نارتھ ناظم آباد میں جماعت اسلامی ضلع وسطی کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ جماعت اسلامی نے عوا م کے دیرینہ مسائل اور اہم ایشوز پر آواز اٹھائی ہے، ہماری تحریک جاری ہے اور اس میں عوام کی پذیرائی شامل ہے اور عوام کی جانب سے خیر مقدم کیا جارہا ہے، عوامی جدوجہد اور دباؤ کے باعث کے الیکٹرک اور نادرا کے حوالے سے عوام کو کچھ ریلیف ملا ہے لیکن مکمل مسائل کے حل تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ شہر کے اندر جماعت اسلامی کی قوت اور وزن محسوس کیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی عوام کی خدمت اور مسائل کے حل کی جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ہمیں اپنے اخلاق و کردار سے دعوت کے میدان میں لوگوں کے دل جیتنے ہیں، اپنے رویے سے لوگوں کو متاثر کرنا ہے، اپنے ساتھ ملانا ہے اور اس جدوجہد اور تحریک کا حصہ بنانا ہے، ہمیں جماعت کے کام کو بہتر بنانے اور دعوت کے کام کو بڑھانے کیلئے زیادہ سے زیادہ وقت دینا چاہیے۔جماعت اسلامی واحد جمہوری سیاسی جماعت ہے جوکہ اپنے دستور پر اس کی پوری روح کے مطابق عملدرآمد کرتی ہے اس لیے اس کی تنظیم میں نیچے سے لے کر اوپر تک ہر سطح پر انتخابات ہوتے ہیں اور اس کے ارکان دستوری تقاضوں کے عین مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں۔انہوں نے ارکان جماعت کو ہدایت کی ہے کہ وہ توسیع دعوت کے لیے زیادہ سے زیادہ انفاق فی سبیل اللہ کریں۔ حافظ نعیم الرحمن نے ارکان جماعت کو آنے والے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے بھرپور تیاری کی ہدایت کی اور کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی آنے والے قومی و صوبائی انتخابات میں کامیابی کے لیے نہایت ضروری ہے اس لیے کارکنان ابھی سے بلدیاتی انتخابات کی تیاری شروع کر دیں۔منعم ظفر خان نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کی رکنیت اختیار کرتے ہوئے اصلاً اللہ تعالیٰ سے وفاداری کا عہد کرتے ہیں کہ میری زندگی کا مقصد رضائے الٰہی کا حصول ہوگا اور میری نماز، میری تمام مراسم عبودیت صرف اللہ رب العالمین کے لیے ہیں اور یہ عہد زندگی بھر کے لیے ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقامت دین کی جدوجہد میں کردار سازی کی بہت اہمیت ہے اور کردار سازی رب سے تعلق کو مضبوط کر کے ہی کی جا سکتی ہے۔ تعلق باللہ کے لیے قرآن سے تعلق اور مطالعہ لٹریچر کی بہت اہمیت ہے۔ جماعت اسلامی کے ارکان کو نصاب رکنیت کا ازسر نو مطالعہ کرنا چاہیے۔#