آج سے 2020کے بلدیاتی انتخابات کی مہم کا باقاعدہ آغاز کر تا ہوں:مصطفیٰ کمال
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ آج سے 2020 کے بلدیاتی انتخابات کی مہم کا باقاعدہ آغاز کرتا ہوں، بلدیاتی الیکشن میں بڑی تعداد میں نشستیں ماؤں اور بہنوں کو دیں گے۔ پاک سر زمین پارٹی اسمبلی میں 40 فیصد نمائندگی خواتین کو دینے کے لیے قانون سازی کرے گی۔ خواتین کو بنگلہ دیش کی طرز پر چھوٹے قرضے دیں گے، خواتین کو گھریلو صنعتیں لگانے میں آسانی فراہم کریں گے۔ آج بنگلہ دیش کی ایکسپورٹ پاکستان سے دگنی ہے جس دن موقع ملا خواتین کے لیے مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت دیں گے۔ میری غداری کی وجہ سے ماؤں کی گود اجڑنا بند ہوگئی مجھے وزارت نہیں چاہئے مجھے غدار رہنا ہی پسند ہے، اصل غدار تو لندن میں بیٹھا ہیجس نے عظیم طارق، سے لیکر ڈاکٹر عمران فاروق کا قتل کروایا، غدار مصطفیٰ کمال ہے یا وہ جس نے ہزاروں مروا کر معافی مانگ لی اس شہر کی بہتری کے لئے خواتین کو اٹھنا پڑے گا اقتدار میں بیٹھے فرعون کے آگے کوئی بولنے والا نہیں تھا لیکن کراچی کی خواتین ان کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الفاروق گراؤنڈ میں خواتین کے جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ میں نے کراچی میں وہ مناظر دیکھے ہیں کہ نوجوانوں کے لاشیں اٹھانے والا کوئی نہیں تھا تو جنازے خواتین نے پڑھائے۔ تین لاشیں موجود تھیں، بچے پوچھ رہے تھے کہ میرے والد کا جنازہ کون سا ہے مجھے پھول ڈالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو پنجاب جیت جاتا ہے پاکستان جیت جاتا ہے ایک مرتبہ پنجاب سے وزیر اعظم بن جائے اسے سندھ بلوچستان کی کوئی فکر نہیں ہوتی پھر وہ سندھ میں سیلاب اور بلوچستان میں دھماکوں کے متاثرین سے ملنے جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھیوں کو میں نے انصار کا درجہ دیا، سندھی آج کے دور کے انصار مدینہ ہیں۔ سندھی بھائیوں نے نبی کی سنت کو زندہ کیا سندھیوں کے لیے انصار کا درجہ تاقیامت کوئی نہیں چھین سکتا۔ انہوں نے کہا کہ غدار مصطفی کمال ہے یا عظیم طارق اور عمران فاروق جیسے دیرینہ ساتھیوں کو مروا دینے والا۔ جس نے اپنی انا کے لیے قوم کے دس ہزار نوجوان مروا دیئے۔ لاشوں کا کاروبار ختم ہوگیا تو معافی مانگ کر ایم کیو ایم میں آگئے، غدار وہ ہے جسے فاروق ستار کہتا ہے کہ میئر نو ارب کا حساب نہیں دے رہا یا مصطفیٰ کمال ہے، غدار وہ ہیں جو آج بھی مہاجروں کا خون چوس رہے ہیں کے کے ایف سے 25 ہزار روپے ماہانہ لینے والے ارب پتی بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال جب سے آیا مہاجروں کے بچے مرنا بند ہوگئے۔ آج ماؤں کے بچے ان کے ساتھ رہتے ہیں، کسی کو خوف نہیں کہ اس کا بچہ مصطفی کمال کے ساتھ گیا تو اسے کوئی نقصان ہوگا اور مصطفی کمال اپنی انا کے لیے کسی کے بچے قربان نہیں کریگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلسے کے اختتام پر میں اور میرے کارکن گراؤنڈ کی صفائی کریں گے۔ انیس قائم خانی نے کہاکہ آج کاجلسہ یہ بتا رہا ہے پی ایس پی کو فتح سے اب کوئی روک نہیں سکتا جن کے ساتھ مائیں بہنیں بیٹیاں ہوں ان کا راستہ کوئی روک نہیں سکتا انہوں نے کہا کہ وہ اپنی غلط فہمی دور کرلیں جو یہ کہتے ہیں کراچی ان کا ہے آج کے جلسے نے فیصلہ دے دیا ہے کہ یہ کراچی کا لیڈر اب صرف مصطفی کمال ہے۔صوفیہ سعید نے کہا کہ مصطفی کمال کہ قیادتِ میں کراچی سمیت پورے پاکستان کو بنائیں گے، آج جلسے نے ایک تاریخ رقم کر دی یے۔ نشینل کونسل کی رکن نائلہ بیگم نے کہاکہ آج جلسے نے ثابت کر دیا کہ ظلم مٹانے والا ہے اور عوام مخالف کرتے ہوئے کہا کہ آؤ مصطفی کمال ساتھ دو انہوں نے کہا کہ آج سنہرے حروف سے لکھا جائے گا کراچی کا اصل وراث مصطفی کمال ہے نیشنل کونسل کی رکن فوریہ حمید نے کہا کہ مصطفی کمال کے دور میں جو کام کراچی میں ہوئے وہ کراچی کی تاریخ کا روشن باب ہے، کراچی مسائل کے حل کے لئے اب خواتین کو اب آگے آنا ہوگا اور مصطفی کمال کا ساتھ دینا ہوگا نینشل کونسل کی رکن ناہید بیگم نے کہا کہ خواتین کا یہاں جمع ہونا اس بات کی غمازی کرتا کراچی سے تعصب کی سیاست کو ختم کر دیااب کراچی کی مائیں اور بیٹیاں مصطفی کمال کے ساتھ ہیں کراچی شعبہ خواتین کی صدر فوزیہ طیب نے عوام کو حقوق کے لئے اٹھانا پڑیگا جب جاکر آپ کے حقوق ملے گے کیونکہ مصطفی کمال ہی کراچی سمیت پورے پاکستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔