عشر اور زکوٰۃ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے پر نوٹس لیا جائے‘ زبیر انجم

  عشر اور زکوٰۃ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے پر نوٹس لیا جائے‘ زبیر ...

  



پشاور (سٹی رپورٹر) جمعیت علماء اسلام نظریاتی نے مطالبہ کیا ہے کہ عشر اور زکوٰۃ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے پر نوٹس لیا جائے اور ضلعی چیئر مینوں کو ان کے عہدوں سے ہٹا یا جائے۔ اس حوالے سے جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات زبیر انجم نے کہاکہ موجودہ حکومت بھی سابق حکومتوں سے مختلف نہیں، گزشتہ حکومتوں نے بھی عشر و زکوٰۃ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جبکہ پی ٹی آئی حکومت بھی اسی ڈگر پر چل رہی ہے، صوبائی زکوٰۃکونسل کے بعد اب ضلعی چیئرمینوں کے انتخاب نامزدگی میں نہ صرف ایم پی ایز کے قریبی عزیزوں کو سیاسی بنیادوں پر نامزد کیا بلکہ چیئرمین کی نامزدگی کیلئے مروجہ طریقہ کار کے ساتھ ساتھ عمر کی حد میں لاقانونیت کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علماء اسلام نظریاتی نے مختلف مراحل پر حکومت کو راہ راست پر چلنے کیلئے نہ صرف مشاورت فراہم کی بلکہ اکثر و بیشتر ضمنی انتخابات میں حکومتی امیدواروں کی برملا حمایت کرکے نہ صرف انتخابی مہم میں ان کا ساتھ دیا بلکہ جمعیت نظریاتی کے امیر مولوی محمد زبیر روحانی البازی نے ان کے منعقدہ جلسوں میں شرکت بھی کی لیکن پی ٹی آئی اب نہ صرف اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ ساتھ نبرد آزما ہے بلکہ بے لوث مدد فراہم کرنیوالوں کی رائے بھی نظر انداز کر تی ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر قانونی طور پر نامزد زکوٰۃچیئر مینوں کو برطرف کیا جائے بلکہ حکومت انہیں کی جاری کردہ نوٹیفیکیشن کو فوری دی نوٹیفائی کریں،جمعیت نظریاتی نے مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے تا کہ آئندہ کیلئے پوری پالیسی کا جائزہ لیا جائے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر