عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے‘ محمد ظہور

  عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے‘ محمد ظہور

  



پشور (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے حج، اوقاف اور مذہبی امور محمد ظہور نے کہا ہے کہ ضلع ہنگو کے عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام کیلئے موثر اقدامات شروع کئے جا چکے ہیں اور صحت، تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ہنگو میں حلقہ کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے علاقے کے مسائل سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا۔معاون خصوصی نے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو موقع پر ہدایات جاری کیں اور کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ہر قسم کی اقربا پروری اور کرپشن کا خاتمہ کر دیا ہے جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، یہی وہ راستہ ہے جس سے اب ملک میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت غربت، بے روزگاری اور مصنوعی مہنگائی پر بھی قابو پانے میں کافی حد تک کامیاب ہو چکی ہے اور جلد ہی ایک ترقی یافتہ فلاحی معاشرے کے ثمرات سے عوام مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی ترقی و تعمیر کے حوالے سے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان دن رات انہی کوششوں میں مصروف ہیں اور بذات خود ان علاقوں میں جا کر وہاں کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پورے خیبر پختونخوا میں ترقی و خوشحالی کی شمع جلتی نظر آئے گی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر