پارا چنار‘ ہسپتال میں ہنگامی بنیادوں پر آ ئسولیشن وارڈ قائم
پاراچنار(نمائندہ پاکستان) ڈی ایچ کیو ہسپتال پاراچنار میں بھی کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور ہسپتال میں ہنگامی بنیادوں پر آ ئسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے ملک میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد قبائلی اضلاع میں بھی وائرس سے بچاؤ اور ان سے نمٹنے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار کے ایم ایس ڈاکٹر ناصر حسین نے بتایا کہ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پانچ پانچ بیڈوں پر مشتمل مردانہ اور زنانہ ائسولیشن وارڈز قائم کئے ہیں جن کے راستے بھی الگ ہیں اور ایک دوسرے سے جدا بھی ہیں ڈاکٹر ناصر حسین نے کہا کہ محکمہ صحت نے انہیں تمام تر سہولیات جن میں ماسک، کٹس، دوائیں اور دیگر سہولیات فراہم کئے ہیں اور انشاء اللہ ہسپتال کا عملہ ہمہ وقت تیار ہیں اور اللہ کے کرم سے ابھی تک ضلع کرم میں کسی قسم کرونا وائرس کا کیس سامنے نہیں آیا ہے اور اس سلسلے میں محکمہ صحت کی جانب سے مساجد و امام بارگاہوں میں لوگوں کو اس موذی مرض سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کے حوالے سے آگاہی مہم جاری ہے واضح رہے کہ کرونا وائرس کے ایران اور سعودی عرب پہنچنے کے بعد کثیر تعداد زائرین اور عمرہ جانے والے افراد نے ان ملکوں کا سفر بند کردیا ہے جبکہ چائنہ میں سکالر شپ پر پڑھنے والے طلبہ بھی چھٹیاں ختم ہونے کے باوجود چائنہ کے سفر سے گریز کررہے ہیں چائنہ میں نباتات پر پی ایچ ڈی کرنے والے طالب علم مرتضی علی نے بتایا کہ چالیس دن چھٹیوں کے خاتمے کے بعد یونیورسٹی کی جانب سے انہیں چائنہ نہ آنے کی ہدایات دیئے گئے ہیں