آپ بلاوجہ کسی کو نوٹس کیوں جاری کرانا چاہتے ہیں ؟کورونا سے پولیس اور دیگر کا کیا تعلق؟،سندھ ہائیکورٹ ماسک کی ذخیرہ اندوزی اور ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے کیس میں درخواست گزار پر برہم
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)کورونا وائرس کے پیش نظرماسک کی ذخیرہ اندوزی اور ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے کیس میں سندھ ہائیکورٹ پولیس اور دیگر کونوٹسز جاری کرنے کی استدعا پر برہم ہو گئی ،جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آپ بلاوجہ کسی کو نوٹس کیوں جاری کرانا چاہتے ہیں ؟کورونا سے پولیس اور دیگر کا کیا تعلق؟،اگر ایسا کریں گے تو ہم آپ کی درخواست مسترد کردیں گے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں کورونا وائرس کے پیش نظرماسک کی ذخیرہ اندوزی اور ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے کیس کی سماعت ہوئی ،عدالت نے وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا کہ ماسک مل رہے ہیں پھر کسی چیز کی پریشانی ہے ؟وکیل درخواست گزار نے کہا کہ کورونا وائرس میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیاگیا ۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کورونا وائرس کی کونسی ادویات ہیں ؟،وکیل درخواست گزار نے کہا کہ بخار،نزلہ ،کھانسی کی میڈیسن شامل ہیں ،عدالت نے کہا کہ ان میڈیسن کا کورونا وائرس سے کیا تعلق ہے ؟۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ 140 کے قریب مریض کورونا میں مشتبہ ہونے کا شک ہے ،عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کو یہ کس نے کہااور کس چینل نے یہ خبر چلائی ؟،وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پوسٹ چل رہی ہے ۔
جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ توکیا اب سوشل میڈیا پر ہم بھروسہ کریں ؟،عدالت نے آئندہ سماعت پر وکیل درخواست گزار کو تیاری کے ساتھ آنے کی ہدایت کردی،وکیل درخواست گزار کی پولیس اور دیگر کونوٹسز جاری کرنے کی استدعا پر عدالت نے اظہار برہمی کیا،عدالت نے استفسار کیا کہ آپ بلاوجہ کسی کو نوٹس کیوں جاری کرانا چاہتے ہیں ؟کورونا سے پولیس اور دیگر کا کیا تعلق؟،اگر ایسا کریں گے تو ہم آپ کی درخواست مسترد کردیں گے ،عدالت نے صوبائی صحت سیکرٹری صحت کو نوٹس سماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی۔