سپریم کورٹ، سوئمنگ پول کمیونٹی پلاٹ پر کمرشل پلازہ تعمیر کرنے سے متعلق کیس میں چیئرمین سی ڈی اے ریکارڈ سمیت طلب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے سوئمنگ پول کمیونٹی پلاٹ پر کمرشل پلازہ تعمیر کرنے سے متعلق کیس میں آئندہ سماعت پر چیئرمین سی ڈی اے کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ میں سوئمنگ پول کمیونٹی پلاٹ پر کمرشل پلازہ تعمیر کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ،چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی ،چیف جسٹس گلزاراحمد نے استفسار کیا کہ کمیونٹی پلاٹ کس مقصدکیلئے مختص کیا گیا تھا؟،وکیل سی ڈی اے نے کہا کہ کمیونٹی پلاٹ سوئمنگ پول الاٹی نے بناناتھا،چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ الاٹی کمیونٹی پلاٹ پر سوئمنگ پول کیوں بنائے گا؟الاٹی پلاٹ لیکر دکانیں تعمیر کرےگا ،کمیونٹی پلاٹ پر سہولیات فراہم کرنا سی ڈی اے کا کام تھا ۔
چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ کمیونٹی پلاٹ کو کمرشل مقاصد میں تبدیل کیسے کیاگیا؟،سی ڈی اے حکام نے کہا کہ سی ڈی اے بورڈ نے 1992 میں پلاٹ پر دکانیں بنانے کی منطوری دی ،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سی ڈی اے بورڈ سپریم کورٹ سے ملحقہ زمین پر مال بنانے کی اجازت دے تو ہم کیا کرینگے؟۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ الاٹی نے 9 کروڑ روپے ادا کرنے تھے ،عدالت نے 9 کروڑ کو ساڑھے 4 کروڑ کرکے ڈیمز میں ڈال دیئے، سپریم کورٹ نے آئندہ سماعت پر چیئرمین سی ڈی اے کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا،عدالت نے کمیونٹی پلاٹ کی ہسٹری اور ماسٹر پلان بھی طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت2 ہفتے تک ملتوی کردی۔