مریم نواز نے شاہد خاقان عباسی کودعوت دیدی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو رہائی پر مبارکباد دیتے ہوئے جاتی امرا آنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد لاہور آئیں گے اور اپنے حلقہ این اے 124 کے نمائندہ وفد اور مریم نواز سے ملاقات کریں گے۔
دنیا نیوز کے مطابق پارٹی قائد نواز شریف کی ہدایت پر مریم نواز نے ٹیلیفون پر شاہد خاقان عباسی سے رابطہ کیا اور انہیں رہائی پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔چینل ذرائع کے مطابق مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال کے اعزاز میں رائیونڈ میں ظہرانہ دیں گی جس میں کیپٹن (ر) صفدر، سینیٹر پرویز رشید و دیگر شریک ہوں گے، ظہرانے میں پارٹی، ملکی صورتحال اور تنظیم سازی پر بھی غور ہوگا۔