وزیراعظم نے اربوں روپے کے”نیو بلیو ایریا” منصوبے کا آغاز کر دیا

وزیراعظم نے اربوں روپے کے”نیو بلیو ایریا” منصوبے کا آغاز کر دیا
وزیراعظم نے اربوں روپے کے”نیو بلیو ایریا” منصوبے کا آغاز کر دیا

  



اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں آج اربوں روپے کے تجارتی منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ اس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوبھی سرمایہ کاری کےمواقع ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے میگا منصوبے جلد لاہور اور کراچی میں بھی شروع کئے جائیں گے۔وزیراعظم عمران خان خود “نیو بلیو ایریا” منصوبے کا جائزہ لینے کے لئے سائیٹ پر آئے جہاں انہوں نے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس دوران وزیراعظم کو نیلامی کے طریقہ کار پر بھی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ اس منصوبے کے لئے ایف 9 پارک کے بالمقابل 170 کنال اراضی مختص کی گئی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ کمرشل سٹی جدید تعمیرات اور ہائی رائز بلڈنگ پر مبنی عالمی طرز پر تعمیر ہو گی جس کے لئے اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کی خصوصی دعوت دی جائے گی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کے لئے لندن، دبئی، مانچسٹر، شکاگو اور گلاسکو سمیت بڑے شہروں میں روڈ شوز کئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارہ رواں سال اپریل کے پہلے ہفتے میں کمرشل نیلامی کرے گا۔ وزیراعظم کی ہدایت پراس میں حصہ لینے والوں کوسہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

بتایا گیا ہے کہ اس میگا منصوبے کے لئے وزیراعظم کی ہدایت پر مکمل ایڈوانس ٹیکس دینے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔کامیاب بولی دہندگان کو رقم کی ادائیگی کے لئے 30 دن کا وقت ملے گا جبکہ اوررسیز پاکستانیوں کو بھی رقم کے انتظام کے لئے مناسب وقت دیا جائے گا۔منصوبے سے ابتدائی طور پر حکومت کو 25 سے 30 ارب روپے حاصل ہوں گے ، حکومت آمدنی کا کچھ حصہ نیا پاکستان ہاوسنگ پراجیکٹ میں استعمال کرے گی۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد