وزیرا عظم آج احساس سکالر شپ پروگرام کا افتتاح کریں گے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان آج احساس سکالر شپ پروگرام کا افتتاح کریں گے۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے مطابق احساس اسکالر شپ پروگرام ملک کی تمام سرکاری جامعات میں زیر تعلیم مستحق طلبہ کے لیے ہو گا اور اس میں جس خاندان کی سالانہ آمدن 45 ہزار روپے سے کم ہو گی وہی تعلیمی وظیفہ حاصل کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی وظیفے کے تحت طلبا کی ٹیوشن فیس معاف ہو گی اور ہر طالب علم کو 4 ہزار روپے ماہانہ بھی ملیں گے۔ احساس سکالر شپ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 50 ہزار طلبہ کوسکالر شپس دی جائیں گی۔احساس انڈر گریجویٹ سکالر شپ پروگرام کے تحت 24 ارب روپے کے وظائف طلبا کو دیے جائیں گے جس سے ملک بھر کے 2 لاکھ مستحق طلبا مستفید ہوں گے۔ اعلی تعلیم کا حصول ممکن بنانے کے لیے ہر سال 50 ہزار طلبہ کو وظائف دیے جائیں گے۔
احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپس میں 50 فیصد کوٹہ لڑکیوں کے لیے رکھا گیا ہے جبکہ وزیر اعظم کی خواہش پر 2 فیصد سکالرشپس خصوصی (معذور) طلبہ کو دی جائیں گی اور اسکالر شپ کا دارومدار مستقبل میں طلبا کی تعلیمی کارکردگی پر ہو گا۔
گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط اور ٹیکس اہداف پورے کرنے کےلئے منی بجٹ لانے کی تجویز رد کی اور ہر وزارت کو عوامی فلاح کا منصوبہ بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ ہر وزارت عوام کی بہتری کے لیے مختصر، درمیانی اور طویل مدتی منصوبے بجٹ میں سامنے لائے جبکہ معاشی ٹیم کو ایسے منصوبوں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مختص کرنے کی ہدایت کی۔ رواں ہفتے معاشی ٹیم کے اجلاس میں ایسے منصوبوں پر بات ہو گی۔