اکشے کمار نے ایسے نیک مقصد کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے عطیہ کردیے کہ آپ بھی داد دیں گے
چنائی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور بھارت میں خواجہ سرا ایک ایسی کمیونٹی جس کو ہر طرف سے دھتکارا جاتا ہے، ہمارے معاشرے کا یہ سب سے پسا ہوا طبقہ ہوتا ہے جن کے پاس نہ رہنے کو گھربار ہوتا ہے، نہ ہی رشتہ دار اور نہ ہی کوئی روزگار، انہی لوگوں کی فلاح کیلئے بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے ڈیڑھ کروڑ روپے کا عطیہ کیا ہے ۔
اکشے کمار آنے والے دنوں میں راگھوا لارنس کی فلم ’لکشمی بمب‘ کی فلم میں خواجہ سرا کا کردار نبھا رہے ہیں ۔ ڈائریکٹر راگھوا لارنس نے سوشل میڈیا پر اپنی اور اکشے کمار کی خواجہ سرا کمیونٹی کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اکشے کمار نے خواجہ سرا کمیونٹی کیلئے گھر کی تعمیر کے مقصد سے ڈیڑھ کروڑ روپے عطیہ کیے ہیں۔ اکشے کمار کی عطیہ کی گئی رقم سے خواجہ سرا کمیونٹی کیلئے ایک علیحدہ گھر چنائی میں تعمیر کیا جائے گا، یہ بھارت میں اپنی نوعیت کا پہلا گھر ہوگا جس میں صرف خواجہ سرا رہائش پذیر ہوں گے۔