امن معاہدہ تیسرے ہی دن خطرے میں، طالبان نے جنگ بندی ختم کرنے کا اعلان کردیا
کابل (ڈیلی پاکستان آن لائن) افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے قیدیوں کی رہائی سے انکار کے بعد طالبان نے جنگ بندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امارت اسلامی افغانستان (طالبان) کے ترجمان کی جانب سے جنگ بندی کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ افغان فورسز کے خلاف آپریشنز کا دوبارہ سے آغاز کیا جارہا ہے۔ اس سے قبل طالبان کے ترجمان نے کہا تھا کہ جب تک طالبان قیدیوں کو رہا نہیں کیا جاتا تب تک انٹرا افغان مذاکرات میں شرکت نہیں کی جائے گی۔
خیال رہے کہ 29 فروری کو امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت 10 مارچ تک طالبان کے 5 ہزار جبکہ امریکہ اور افغانستان کے ایک ہزار قیدیوں کا تبادلہ کیا جانا تھا، قیدیوں کے تبادلے کے بعد انٹرا افغان مذاکرات کا سلسلہ شروع ہونا تھا لیکن افغان صدر اشرف غنی معاہدے سے مکر گئے تھے، افغان صدر نے کہا تھا کہ معاہدے میں قیدیوں کی رہائی کی کوئی بات شامل نہیں ہے، انٹرا افغان مذاکرات کے دوران قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر بات چیت ہوسکتی ہے۔