پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے کتنا ہدف دیا؟ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں

پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے کتنا ہدف دیا؟ جان کر آپ بھی حیران رہ ...
پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے کتنا ہدف دیا؟ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں

  



راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پندرہویں میچ میں پشاور زلمی نے شعیب ملک کے عمدہ 68 رنز کی بدولت کراچی کنگز کو جیت کیلئے 152 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ محمد عامر نے پہلے اوور کی پہلی گیند پر ہی ٹام بینٹن کو ایل بی ڈبلیو کر دیا تاہم امپائر نے آﺅٹ نہیں دیا جس پر کراچی کنگز نے ریویو لے لیا اور یوں امپائر کا فیصلہ تبدیل ہو گیا۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد نوجوان بلے باز حیدر علی میدان میں آئے اور محمد عامر کی دوسری گیند پر زبردست چوکا مارا تاہم اگلی گیند پر محمد عامر نے جوابی حملہ کرتے ہوئے انہیں 4 کے مجموعی سکور پر کلین بولڈ کر دیا۔ کامران اکمل بھی اپنا جادو جگانے میں ناکام رہے اور 10 کے مجموعی سکور پر صرف 4 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔

پشاور زلمی کی چوتھی وکٹ 57 کے مجموعی سکور پر گری اور لائم لیونگسٹون بھی 25 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے جس کے بعد شعیب ملک اور لوئس گریگوری نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے مجموعی سکور 114 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر لوئس گریگوری محمد عامر کی گیند پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 22 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے۔

کارلوس بریتھ ویٹ نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر جارحانہ اننگز کھیلنے کی کوشش کی اور کرس جورڈن کی گیند پر ایک زبردست چھکا بھی لگایا تاہم محمد عامر کے اوور میں شاٹ مارنے کی کوشش کرتے ہوئے شیڈوک والٹن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 5 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 8 رنز بنائے۔ کرس جورڈن نے اننگز کے آخری اوور میں کپتان وہاب ریاض کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی جنہوں نے صرف 2 رنز بنائے۔ ایک جانب وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دوسری جانب شعیب ملک کا بلا رنز اگلتا رہا جنہوں نے 55 گیندوں پر 1 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے اور کرس جورڈن کی گیند پر شیڈوک والٹن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

کراچی کنگز کے محمد عامر سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 25 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور کرس جورڈن نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ عامر یامین اور عمر خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے پشاور زلمی کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کی قیادت وہاب ریاض کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل، ٹام بینٹن، حیدر علی، لائم لیونگسٹون، شعیب ملک، لوئس گریگوری، کارلوس بریتھ ویٹ، حسن علی، یاسر شاہ اور راحت علی شامل ہیں۔

کراچی کنگز کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے جس کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان، بابراعظم، ایلکس ہیلز، کیمرون ڈیلپورٹ، شیڈوک والٹن، افتخار احمد، کرس جورڈن، عامر یامین، محمد عامر اور عمر خان شامل ہیں۔

مزید : کھیل /PSL /PSL News Update