نیوزی لینڈ نے بھارت کو ٹیسٹ سیریز میں بھی وائٹ واش کر دیا

نیوزی لینڈ نے بھارت کو ٹیسٹ سیریز میں بھی وائٹ واش کر دیا
نیوزی لینڈ نے بھارت کو ٹیسٹ سیریز میں بھی وائٹ واش کر دیا

  



کرائسٹ چرچ (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیوزی لینڈ نے بھارت کو ون ڈے سیریز کے بعد دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں بھی وائٹ واش کر دیا ہے جبکہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے اس شکست کو مایوس کن قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کا فیصلہ کھیل کے تیسرے ہی روز ہو گیا کیونکہ بھارت نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے صرف 131 رنز کا ہدف دیا تھا جسے مہمان ٹیم نے باآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے بھارت کو سیریز میں وائٹ واش کرتے ہوئے اس کی جیت کے تسلسل کو توڑ دیا۔

پیر کو کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی، اوپننگ بلے باز ٹام لاتھم اور ٹام بلنڈل نے ٹیم کو 103 رنز کا شاندار آغاز فراہم کر کے بھارت کو شکست کی بنیاد رکھی تاہم لاتھم 103 کے مجموعی سکور پر 52 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے جس کے بعد ٹام بلنڈل کی 55 رنز کی اننگز کا خاتمہ بھی ہو گیا، کپتان کین ولیم سن بھی پانچ رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

تجربہ کار بلے باز راس ٹیلر اور ہینری نکولس نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 5,5 رنز بنائے اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔ میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر کائل جیمی سن کو مین آف دی میچ اور ٹم ساﺅتھی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 242 اور دوسری اننگز میں 124 رنز بنائے تھے جبکہ مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 235 رنز بنا سکی تھی۔

اس سے قبل بھارت نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت کھیلے گئے میچز میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کو شکست دی تھی۔ بھارت کو آخری مرتبہ 2018ءمیں انگلینڈ کے ہاتھوں پانچ میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں 1-4 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر بھارت سرِفہرست ہے جس نے اب تک نو میچز کھیلے ہیں اور اسے دو میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ نیوزی لینڈ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔کیویز ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت اب تک سات میچز کھیل چکی ہے جس میں اسے تین میں کامیابی اور چار میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید : کھیل