کرونا وائرس کی وجہ سے ایئر لائنز کو کتنا نقصان ہوگا؟ ناقابل یقین اعداد و شمار پیش کردیے گئے
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث دنیا کی ایئر لائنز کو رواں سال 30 ارب ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔پیر کے روز دنیا بھر میں کرونا وائرس کے85 ہزار سے زائد کیسز اور 3 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں جبکہ اس کے 45 ہزار مریض اب تک صحتیاب ہوئے ہیں۔
بہت سے ممالک کی جانب سے پروازوں میں کمی یا پابندیاں عائد کی گئی ہیں جس کی وجہ سے ایوی ایشن انڈسٹری کو نقصانات کا سامنا ہے۔
آئی اے ٹی اے کے ریجنل نائب صدر برائے افریقہ و مشرق وسطیٰ محمد علی البقری کا کہنا ہے کہ چین اور ایشیا پیسفک ریجن کی ایئر لائنز کو کرونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے اور انہیں 27 ارب 80 کروڑ ڈالر کے ریونیو خسارے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، خطے کی ایئر لائنز کے ریونیو میں 3 فیصد تک کمی آسکتی ہے لیکن اگر کرونا وائرس کا پھیلاﺅ اور ایئر لائنز پر پابندیاں جاری رہیں تو ریونیو میں 50 فیصد سے زائد کمی ہوسکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ سمیت پوری دنیا میں فضائی سفر کیلئے ٹکٹوں کی فروخت میں کمی آئی ہے، ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس کا حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایوی ایشن انڈسٹری ہمیشہ ہی مزاحمت کرتی رہی ہے اور اس بار بھی امید ہے کہ صورتحال کا کوئی حل نکل آئے گا۔
محمد علی البقری کا کہنا تھا کہ 2020 کے حوالے سے ایئر لائنز کو اپنے پلانز پر نظر ثانی کرنا ہوگی اور نئے سرے سے منصوبہ بندی کرکے بہتری کی طرف جانا ہوگا۔