عامر کی عمدہ باﺅلنگ، بابر کی شاندار بیٹنگ،کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

عامر کی عمدہ باﺅلنگ، بابر کی شاندار بیٹنگ،کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 ...
عامر کی عمدہ باﺅلنگ، بابر کی شاندار بیٹنگ،کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پندرہویں میچ میں کراچی کنگز نے کپتان بابراعظم کی عمدہ اننگز کی بدولت پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے، بابراعظم نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 70 رنز بنائے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز کی اوپننگ جوڑی بابراعظم اور شرجیل خان نے پشاور زلمی کے 152 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو شرجیل خان نے حسن علی کو چوکا مار کر جارحانہ عزائم ظاہر کئے مگر اسی اوور میں فاسٹ باﺅلر نے انہیں ایل بی ڈبلیو کر دیا جس کے بعد بابراعظم اور ایلکس ہیلز نے زلمی باﺅلرز کی ایک نہ چلنے دی۔
دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ میں 101 رنز کی شراکت داری کیساتھ مجموعی سکور 105 پر پہنچا کر کراچی کنگز کی کامیابی کو یقینی بنا دیا تاہم اس موقع پر ایلکس ہیلز یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 27 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 49 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے بعد میدان میں آنے والے کیمرون ڈیلپورٹ بھی مجموعی سکور میں صرف 2 رنز کے اضافے کے بعد ہی یاسر شاہ کا شکار بن گئے تاہم بابراعظم نے عمدہ بیٹنگ سے اپنی ٹیم کو جیت دلا دی۔ انہوں نے 59 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 70 رنز بنائے، شیڈوک والٹن نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 15 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 22 تاہم 150 کے مجموعی سکور پر کالوس بریتھ ویٹ کی گیند پر راحت علی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے یاسر شاہ سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 28 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ حسن علی اور کارلوس بریتھ ویٹ ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔
قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ محمد عامر نے پہلے اوور کی پہلی گیند پر ہی ٹام بینٹن کو ایل بی ڈبلیو کر دیا تاہم امپائر نے آﺅٹ نہیں دیا جس پر کراچی کنگز نے ریویو لے لیا اور یوں امپائر کا فیصلہ تبدیل ہو گیا۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد نوجوان بلے باز حیدر علی میدان میں آئے اور محمد عامر کی دوسری گیند پر زبردست چوکا مارا تاہم اگلی گیند پر محمد عامر نے جوابی حملہ کرتے ہوئے انہیں 4 کے مجموعی سکور پر کلین بولڈ کر دیا۔ کامران اکمل بھی اپنا جادو جگانے میں ناکام رہے اور 10 کے مجموعی سکور پر صرف 4 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔
پشاور زلمی کی چوتھی وکٹ 57 کے مجموعی سکور پر گری اور لائم لیونگسٹون بھی 25 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے جس کے بعد شعیب ملک اور لوئس گریگوری نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے مجموعی سکور 114 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر لوئس گریگوری محمد عامر کی گیند پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 22 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے۔
کارلوس بریتھ ویٹ نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر جارحانہ اننگز کھیلنے کی کوشش کی اور کرس جورڈن کی گیند پر ایک زبردست چھکا بھی لگایا تاہم محمد عامر کے اوور میں شاٹ مارنے کی کوشش کرتے ہوئے شیڈوک والٹن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 5 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 8 رنز بنائے۔ کرس جورڈن نے اننگز کے آخری اوور میں کپتان وہاب ریاض کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی جنہوں نے صرف 2 رنز بنائے۔ ایک جانب وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دوسری جانب شعیب ملک کا بلا رنز اگلتا رہا جنہوں نے 55 گیندوں پر 1 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے اور کرس جورڈن کی گیند پر شیڈوک والٹن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
کراچی کنگز کے محمد عامر سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 25 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور کرس جورڈن نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ عامر یامین اور عمر خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ تین تبدیلیوں کیساتھ میدان میں اترنے والی پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل، ٹام بینٹن، حیدر علی، لائم لیونگسٹون، شعیب ملک، لوئس گریگوری، کارلوس بریتھ ویٹ، حسن علی، یاسر شاہ اور راحت علی شامل تھے۔
اس میچ کیلئے کراچی کنگز کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی جس کی قیادت عماد وسیم کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان، بابراعظم، ایلکس ہیلز، کیمرون ڈیلپورٹ، شیڈوک والٹن، افتخار احمد، کرس جورڈن، عامر یامین، محمد عامر اور عمر خان شامل تھے۔

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -