”ہار تو گئے ہیں لیکن کپتانی۔۔۔“ کپتان بنتے ہی پہلی شکست کے بعد وہاب ریاض نے رمیز راجہ سے کیا کہا؟
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پندرہویں میچ میں شکست خوردہ ٹیم پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ آئندہ میچز میں عمدہ کارکردگی دکھانا ہو گی، میچ ہار گئے مگر کپتانی کا تجربہ اچھا رہا۔
تفصیلات کے مطابق میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہمیں میچ میں شکست ہوئی ہے مگر اس کے باوجود اپنی ٹیم کو کریڈٹ دوں گا کہ انہوں نے فائٹنگ کرکٹ کھیلی۔ کراچی کنگز کی ٹیم نے ہمیں تمام شعبوں میں آﺅٹ کلاس کر دیا لیکن شعیب ملک، لیونگسٹو اور گریگوری نے جس انداز میں بیٹنگ کی، اس سے ہمیں اچھا ہدف دینے میں مدد ملی۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ میرے خیال سے ہم آج کے میچ میں باﺅلنگ اچھی نہیں کر سکے اور اس میں مزید بہتری لانا ہو گی، ہمارے سکواڈ میں تمام باﺅلرز تجربہ کار ہیں اور ہمیں معلوم ہونا چاہئے کہ مشکل کنڈیشنز کو کس طرح استعمال کرنا ہے۔ کپتانی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کپتانی کا تجربہ بہت اچھا رہا، اگرچہ جس طرح کا آغاز چاہتا تھا، وہ نہیں مل سکا، مگر اچھا تجربہ رہا۔