پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن کیسا چل رہا ہے اور سب سے زبردست بات کیا ہے؟ عبدالرزاق اور عبدالرحمان نے ایسی بات کہہ دی کہ بھارتی جل بھن جائیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق آل راﺅنڈر عبدالرزاق اور سپنر عبدالرحمان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو دنیا کی بہترین لیگ قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عبدالرزاق نے کہا کہ لیگ میں اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کومل رہی ہے اور تمام ٹیموں کا کمبی نیشن بہت زبردست ہے جس کے باعث کسی بھی ٹیم کے بارے میں ٹرافی جیتنے کی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ بیٹنگ، باﺅلنگ میں کانٹے کے مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک ہونے والے تمام میچز میں یہ ہی بات دیکھنے میں آئی ہے کہ جو ٹیم پہلے باﺅلنگ کرتی ہے، اسے ایڈوانٹیج ملتا ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ پی ایس ایل میں بھی ہر ٹیم بعد میں بیٹنگ کو ترجیح دے رہی ہے، کراچی کے بعد لاہور میں میچز کا انتظارہے، یہاں سٹیڈیم جاکرمیچز میں بطور سلیکٹر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے۔
سابق سپنر عبدالرحمان کے مطابق پی ایس ایل میں بہترین کرکٹ دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے، ہائی سکورنگ میچز میں بھی بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم ہدف حاصل کررہی ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کتنے جاندار مقابلے ہورہے ہیں، لاہور اور کراچی کے درمیان میچ میں جنون، ٹکڑ، جوش وخروش، مقابلہ بازی سمیت وہ سب کچھ نظر آیا جو ٹی 20 کرکٹ کا اصل حسن ہے جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں کا پرفارم کرنا بہت خوش آئند ہے کیونکہ اس سے نہ صرف پی ایس ایل ٹیم کو فائدہ ہوگا بلکہ کھیل کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو غیرملکی سٹارز کے ساتھ ڈریسنگ رومزشیئر کرنے کاموقع مل رہاہے، اس سے وہ بہت کچھ سیکھ رہے ہوں گے، ابھی تو لیگ میں کافی میچز پڑے ہیں، اس وقت تک لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیموں نے خاصا متاثر کیا ہے تاہم ٹورنامنٹ کون جیتے گا؟ اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا کیونکہ ٹی 20 کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم کسی بھی وقت کم بیک کر سکتی ہے۔