احسان مانی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو ’سیخ پا‘ کر دیا مگر کیسے؟ پاکستانیوں کیلئے زبردست خبر آ گئی
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) رواں برس بھارت میں شیڈول انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے ویزوں اور سیکیورٹی سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی یقین دہانی کے مطالبے پر بھارتی سیخ پا ہو گئے ہیں جنہوں نے اسے بچکانہ مطالبہ قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے گزشتہ دنوں ایک بار پھر واضح کیا تھا کہ ہم نے آئی سی سی کو خط لکھا ہے جس میں بھارتی بورڈ سے پاکستانی کھلاڑیوں، آفیشلز اور صحافیوں کو ویزوں کے اجراءکی ضمانت طلب کرنے کو کہا گیا، بصورت دیگر ایونٹ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کرنے کے مطالبے کا عندیہ دیا، احسان مانی کے اس موقف پر بی سی سی آئی کے تن بدن میں آگ لگ گئی ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک آفیشل نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں احسان مانی کے بیان پر حیرت ہوئی، خاص طور پر اس لئے بھی کہ وہ حالیہ کچھ عرصے میں سارو گنگولی کے ساتھ آئی سی سی میں مل کر کام کرتے رہے اور ان کی رہنمائی بھی کی، وہ ایک شریف انسان ہیں مگر ان کا ویزوں سے متعلق بیان بچکانہ ہے، وہ اپنی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنا چاہتے ہیں یا پھر ایسی باتوں سے اپنے ملک میں مقبولیت حاصل کرنے کی خواہش ہے، اگر اس کو سیاسی ایشو بنانا چاہتے ہیں تو آپ کی مرضی ہے حالانکہ انہیں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کرنا چاہئے۔
نجی خبر رساں ادارے ایکسپریس نیوز کے مطابق بی سی سی آئی آفیشل نے کہا کہ ہماری حکومت پہلے ہی غیرملکی اتھلیٹس کے بارے میں اپنی پالیسی واضح کرچکی، کرکٹ بورڈ حکومتی معاملات کی ضمانت کیسے دے سکتا ہے؟ مانی کو دونوں بورڈز میں مزید فاصلے بڑھانے کے بجائے کرکٹ تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے کام کرنا چاہے۔
واضح رہے کہ 2019ءمیں بھارت نے جب پاکستانی شوٹرز کو ایک ایونٹ کیلئے اپنے ملک کے ویزے نہیں دئیے تھے تب انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے آئندہ اسے کسی ایونٹ کی میزبانی نہ دینے کا اعلان کیا تھا، جس پر بھارتی حکومت نے آئی او سی کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ کسی بھی سپورٹس ایونٹ کیلئے کسی ملک کے اتھلیٹس کی شرکت میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔