کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ، میچ کا نتیجہ سامنے آگیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد یونائیٹڈ نےکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 157 رنز کا ہدف اسلام آباد کی ٹیم نے تین اوورز قبل پورا کرلیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے پال سڑلنگ 56، روحیل نذیر 34 اور ایلکس ہیلز 23،شاداب خان 21 اور آصف علی 16 رنز بناکر نمایاں رہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے لیگ سپنر زاہد محمود نے دو جبکہ ڈیل اسٹین اور محمد حسنین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے تھے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سرفراز احمد 54، محمد نواز31 اور بین کٹنگ 23 رنز بناکر نمایاں رہے۔ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ففٹی سکور کی انہوں نے اپنی اننگز کے دوران افتخار احمد کے ایک اوور میں لگاتار چار چھکے بھی لگائے۔ دیگر بلے بازوں میں فاف ڈوپلیسی 17، اعظم خان چار ، زاہد محمود اور صائم ایوب نے پانچ اور کیمرون ڈیلپورٹ نے ایک رنز بنایا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے تین ،حسن علی نے دو جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ کوئٹہ کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم جیت سے ایک اچھے اوور یا کیچ کی دوری پر ہیں۔ کوشش کریں گے ایسا سکور سیٹ کریں جس کو بعد میں ڈیفنڈ کرسکیں،آج کے میچ کے لیے عثمان شنواری کی جگہ پر نسیم شاہ کو موقع دیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، صائم ایوب، کیمرون ڈیلپورٹ، فاف ڈوپلیسی، اعظم خان، بین کٹنگ، محمد نواز ، ڈیل اسٹین، زاہد محمود اور محمد حسین شامل ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کوئٹہ کی ٹیم کو کم سے کم سکور پر آؤٹ کریں ۔ آج کے میچ کے لیے فواد احمد اور فل سالٹ کی جگہ موسی خان اور روحیل نذیر کو موقع دیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شاداب خان، ایلکس ہیلز، پال سڑلنگ، افتخار احمد، آصف علی، فہیم اشرف، حسین طلعت، محمد وسیم اور حسن علی شامل ہیں۔

