لاہور قلندرز نے ڈیلی پاکستان کے ساتھ ڈیجیٹل میڈیا پارٹنرشپ کے معاہدے پر دستخط کر لیے

لاہور قلندرز نے ڈیلی پاکستان کے ساتھ ڈیجیٹل میڈیا پارٹنرشپ کے معاہدے پر ...
لاہور قلندرز نے ڈیلی پاکستان کے ساتھ ڈیجیٹل میڈیا پارٹنرشپ کے معاہدے پر دستخط کر لیے

  

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز نے پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل میڈ یا پلیٹ فارم ’ڈیلی پاکستان ‘کے ساتھ میڈ یا پارٹنر شپ کے معاہدے پر دستخط کر لیے ۔ڈیلی پاکستان کے ایگزیکٹو ایڈیٹر عثمان مجیب شامی نے لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا عاطف کے ساتھ ڈیجیٹل میڈ یا پارٹنر شپ کے معاہدے پر دستخط کیے ۔

ڈیلی پاکستان کی کرکٹ سے وابستگی کی ایک تاریخ ہے اور اس نے ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ لاہور قلندرز کے ساتھ شراکت داری سے  ڈیلی پاکستان کے کرکٹ کے فروغ کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔

عاطف رانا نے ڈیلی پاکستان کے ساتھ شراکت کو ایک اہم قدم قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی کرکٹ کے فروغ کے لئے تعاون جاری رہے گا۔

عاطف رانا نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم کی کوریج شائقین کے جوش وخروش کو بڑھا دے گی ، ڈیلی پاکستان ملک میں قابل اعتبار خبروں اور تفریح کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

 اس موقع پر عثمان مجیب شامی نے کہا کہ ڈیلی پاکستان ملک کا ایک اہم ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، اس لئے قوم کی نبض کوجانتا ہے اور ہمیشہ ہی ایسا جدید مواد تیار کرتاہے جو کرکٹ کے کھیل کو پاکستانیوں کے قریب لاتاہے۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ معاہدہ روزنامہ پاکستان کے وژن کو تقویت دیتا ہے اور اسے کرکٹ لیگ کا حصہ بننے پر فخر ہے۔

ڈیلی پاکستان کے ایگزیکٹو ایڈیٹر نے کہا کہ پی ایس ایل 2021 میں حصہ لینے والی چھ کرکٹ فرنچائزز میں سے  لاہور قلندرزکی ٹیم اچھے کھلاڑیوں کا مجموعہ ہے جواس سیزن میں ٹائٹل جیتنے کے لیے مدد گار ثابت ہو نگے ۔ 

واضح رہے کہ لاہور قلندرز نے اب تک چار میچ کھیلے ہیں جن میں سے صرف ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور قلندرز اگلا میچ 4 مارچ کواسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گی۔

مزید :

PSL -PSL News Update -