کوئی باضمیر ایم این اے عمران خان کو نہیں چھوڑے گا، شاہ محمود قریشی 

کوئی باضمیر ایم این اے عمران خان کو نہیں چھوڑے گا، شاہ محمود قریشی 

  

لاڑکانہ (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم اپنی 3 سالہ حکومت کا حساب دینے کو تیار ہیں لیکن پاکستان پیپلز پارٹی 15 سال سے سندھ میں برسرِ اقتدار ہے پہلے وہ اپنی حکومت کا حساب دیں۔کوئی باضمیرایم این اے عمران خان کونہیں چھوڑیگا وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کے ہمراہ سندھ حقوق مارچ کی قیادت کرتے ہوئے لاڑکانہ روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 'کل رات جو میری آنکھوں نے لاڑکانہ میں دیکھا وہ حیران کن تھا۔'انہوں نے لاڑکانہ کے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی محبتوں کا مقروض ہوں رتوڈیرو سے سجاول، سجاول سے لاڑکانہ تک جو محبت ہمیں دی گئی اسے بھلایا نہیں جاسکتا سندھ میں جمہوریت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا کہ جناح پارک کے گٹر کھول کر جلسہ گاہ میں گندا پانی چھوڑ دیا گیا تھا، یہ کہاں کی جمہوریت ہے؟ یہ عمل شکستہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے یہ طرز عمل اپوزیشن جماعت کے سیاسی زوال کے آغاز کی علامت ہے۔اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ سرکاری وسائل کو بروئے کار لاکر بلاول بھٹو زرداری بھی مارچ کے لیے نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ تھرپارکر میں صحت کارڈ کا آغاز ہو چکا ہے، ہم یہ سہولت پورے سندھ کو دینا چاہتے ہیں لیکن سندھ کی سرکار رکاوٹ بنی ہوئی ہے،   ہم سیاسی لوگ ہیں تصادم کرنے نہیں آئے، جمہوری انداز میں مقابلہ کریں گے، 2023 کے لیے سندھ کا باشعور طبقہ خاموشی سے تبدیلی کا فیصلہ کر چکا ہے، ہم وفاقی جماعت ہیں علاقائی نہیں، مجھے امید ہے کہ اندرون سندھ کا سندھی 2023 میں ایک بڑا فیصلہ کرے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پروردہ لوگ ہمارے جلسہ گاہ میں پہنچنے سے قبل تصاویر بنا کر کہتے ہیں کہ خالی کرسیاں ہیں  وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت ہماری خارجہ پالیسی آزاد ہے، ہمارے امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، چین اور روس میں تاریخی ملاقاتیں ہوئیں، میں پچھلے 3 سال سے روس کے ساتھ بتدریج بڑھتے ہوئے تعلقات کو دیکھ رہا ہوں۔اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کو مسلم امہ کے وزرائے خارجہ کی بڑی تعداد پاکستان میں ہوگی۔  اچھی خبر یہ ہے کہ اب روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات شروع ہو چکے ہیں، پاکستان نے اس معاملے میں اپنے آپ کو غیر جانبدار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اراکین کی پارٹی چھوڑنے کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج میں نے خودریاض فتیانہ کابیان سناہے، انہوں نے کہا کوئی با ضمیر ایم این اے عمران خان کونہیں چھوڑیگا، میرانام شائع کیاگیاہے میں اس کی تردیدکرتاہوں، سندھ کے ایک ممبر نے بات کی وہ براہ راست الیکٹ نہیں ہوئے تھے۔

شاہ محمود قریشی 

مزید :

صفحہ آخر -