اخلا قیات کے بغیر علم بے معنی، معاشرے کی خوبصورتی ہماری قیمتی اقدار ہیں: عارف علوی 

اخلا قیات کے بغیر علم بے معنی، معاشرے کی خوبصورتی ہماری قیمتی اقدار ہیں: ...

  

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایسوسی ایٹ ڈگری کے حامل طلباء کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو ہائر ایجوکیشن میں آگے بڑھائینگے، تعلیمی شعبہ میں جدت سے ملک ترقی کی منازل طے کریگا، دنیا کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی میں ہنرمند اور تربیت یافتہ لوگوں کی بڑی تعداد درکار ہے، اخلاقیات کے بغیر علم کا کوئی فائدہ نہیں ہے، ہمارے معاشرے کی خوبصورتی ہماری قیمتی اقدار ہیں، طلبہ ماں باپ کی تربیت کی وجہ سے یہاں تک پہنچے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں کامسیٹس یونیورسٹی کے13 ویں کانووکیشن سے بطور چانسلر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز، یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد تبسم افضل، ماہرین تعلیم، یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے سربراہوں اور طلباؤ طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے یونیورسٹی کی بہترین کارکردگی اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر رینکنگ پر ریکٹر، اساتذہ اورطلبہ کو مبارکباد دی۔صدر مملکت نے کہا کہ کامسیٹس کا شمار بہترین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے، طلبہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم دلوانے پر والدین کے شکر گزار ہوں، ملکی ترقی کیلئے علم کا حصول ضروری ہے، دنیا کو 2030 تک 80 ملین سائبر سکیورٹی ماہرین کی ضرورت ہے، وزیراعظم نے آئی ٹی سے ٹیکس ختم کیا ہے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ورچوئل یونیورسٹی نے 22 لاکھ نوجوانوں کو ڈیجیٹل سکلز دی ہیں۔کانووکیشن میں یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد تبسم افضل نے کامسیٹس یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نے اپنے قیام سے اب تک 82 ہزار گریجوایٹس تیار کئے ہیں جن میں 500 پی ایچ ڈی سکالرز بھی شامل ہیں جبکہ یونیورسٹی کے مختلف کیمپسز میں اس وقت 100 ڈگری پروگرامز میں 44 ہزار طلبہ زیرتعلیم ہیں۔صدر مملکت نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں میڈل اور ڈگریاں بھی تقسیم کیں۔

عارف علوی

مزید :

صفحہ آخر -