وزیراعظم مہنگائی پر قابو پانے  کیلئے سرگرم ہیں،اسد قیصر 

    وزیراعظم مہنگائی پر قابو پانے  کیلئے سرگرم ہیں،اسد قیصر 

  

اسلام آباد(آئی این پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق حکومت کو عوام کے بہترین مفاد کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان مہنگائی پر قابو پانے کیلئے سرگرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا بنیادی کام ایسی قانون سازی ہے جس سے عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کو موثر قانون سازی اور اس کے نفاذ کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اراکین قومی اسمبلی منزہ حسن، ریاض فتیانہ، محمد ثنا اللہ خان مستی خیل اور دیگر اراکینِ پارلیمنٹ نے  اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی، ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اراکین قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ وقت میں ملک سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بطور کسٹوڈین آف ہاؤس ایوان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی اور عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے بحث و مباحثہ کا موقع فراہم کیا ہے، اراکین اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل کو حل کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کریں، عوام نے اپنے قیمتی ووٹ کے ذریعے منتخب کر کہ پارلیمنٹ میں بھیجا ہے تاکہ عوامی نمائندے عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر سکیں، عوام کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت رکھا تو عوام ہمیں معاف نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر صحت انصاف کارڈ کی فراہمی موجود حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے جسے بھرپور انداز میں سرایا جا رہا ہے، وہ دن دور نہیں جب عوام کو موجود حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات حاصل ہونگے، اس وقت قوم نے مشکل دور گزار دیا ہے۔

اسد قیصر 

مزید :

صفحہ آخر -