کھیلیں معاشرے کا سافٹ امیج اجاگر کرتی ہیں،ملک انور

  کھیلیں معاشرے کا سافٹ امیج اجاگر کرتی ہیں،ملک انور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اپنے نمائندے سے)صوبائی وزیر ریونیوکرنل (ر)ملک محمد انور نے کہا ہے کہ معاشرے کا سافٹ امیج اجاگر کرنے میں سپورٹس سرگرمیاں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں اورایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کی اہمیت بھی مسلمہ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پنجاب حکومت صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پنجاب سٹیڈیم میں ادبستان صوفیہ کے سالانہ سپورٹس ڈے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپرنسپل ادبستان صوفیہ لیفٹینٹ کرنل(ر) عبدالخالق ناصر، ہیڈ کوارڈینیشن اینڈ ڈویلپمنٹ عبدالکریم طاہر،اساتذہ، طلباو طالبات بھی موجود تھے۔ 

 صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ادبستان صوفیہ کو جنوبی ایشیاء  کی عظیم درسگاہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے،جو1946 ء  سے مسلسل مصروف خدمت ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی پر مس صوفیہ مجید طوریء اور مس فضہ طوری کی تعلیمی خدمات کو ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔ صوبائی وزیر ملک محمد انور نے کہا کہ مخلص اساتذہ ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، جو معاشرے میں علم و آگہی پھیلاتے ہیں۔آج اگر ہمارے بچے دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں تو ا یسا مخلص اساتذہ کرام کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کے معماروں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے پراساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔صوبائی وزیرملک محمد انور نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بچے ملک و قوم کا سرمایہ ہیں، بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ صحت مند انہ سرگرمیوں میں شرکت انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے میں اہم کردارادا کرتی ہیں۔کھیلوں کا فروغ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسی اورایجنڈا نمبر ون ہے۔معیاری ٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے ایونٹس کاانعقاد کر کے بچوں کو سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلیں نوجوانوں کی کردار سازی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ملک محمد انور نے کہا کہ بچوں کا جوش و خروش اور دلچسپی دیکھ کر یقین ہو گیا کہ نوجوان باصلاحیت اور پرعزم ہیں، کھیلوں پر توجہ سے بہترین ٹیلنٹ ابھر سکتاہے۔صوبائی وزیر ریونیو نے کہا کہ یہ امرخوش آئندہے کہ کورونا کی وباء  کے چیلنجز سے نبردآزماہونے کے بعد طلباء  و طالبات حصول علم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی فعال اور متحرک ہیں۔ ملک محمد انور نے رنگا رنگ تقریب کے کامیاب انعقاد پرپرنسپل ادبستان صوفیہ لیفٹینٹ کرنل(ر) عبدالخالق ناصراور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ بہترین تعلیم وتربیت کی فراہمی میں اپنا بھرپورکردارکررہاہے اورکھیلوں میں بھی اپنا معیار بلندرکھے ہوئے ہے۔پرنسپل ادبستان صوفیہ لیفٹینٹ کرنل(ر) عبدالخالق ناصر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ سالانہ سپورٹس ڈے میں طلبا و طالبات نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا اور پریڈ کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔طلبا و طالبات نے مختلف کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے شائقین سے خوب داد وصول کی۔ پروگرام کے اختتام پر صوبائی وزیر کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی اورنمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔