پٹرول،بجلی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہیں،شیخ عبدالمتین
لاہور(سٹی رپورٹر) آل پاکستان ٹرک ٹرالہ اونرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری و نائب صدر مرکزی تنظیم تاجران لاہور شیخ عبدالمتین نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ مہنگائی کے بے قابو حالات میں ریلیف کی فراہمی تجارتی مراکز بازار اور مارکیٹوں میں کاروباری امور کیلئے سکھ کا سانس لے کر آئے گی ۔
مہنگائی سے عام آدمی کی زندگی اجیرن اور حالات شدید دشوار ہوچکے ہیں۔ کاروباری سرگرمیاں بحران زدہ ہونے سے بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ بازاروں مارکیٹوں میں تاجر بھاری سرمایہ کاری کے بعد کاروبار کی بدترین صورتحال سے پریشان ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد ریلیف دینے کا اعلان قابل تحسین فیصلہ ہے۔ حکومت تجارتی اور کاروباری حلقوں کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے مزید جامع اور مضبوط حکمت عملی لے کر آئے ۔ مہنگائی اور مشکلات کے بھنور میں پھنسی تاجر کمیونٹی کو بحران کی دلدل سے نکالا جائے۔ مقامی صنعت و تجارت کی مضبوطی اور معیشت کی خوشحالی کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے۔ ٹیکس اور ڈیوٹیز میں کمی کرکے تاجر حلقوں کو ریلیف دیا جائے تاکہ ملکی معیشت میں ترقی کے اعشاریئے پروان چڑھ سکیں۔