پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے بچوں کو تعلیم دلوانا ضروری،اعجاز عالم
لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجازعالم آ گسٹین نے کہا کہ اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے ہی پاکستان کا مستقبل روشن کیا جا سکتا ہے۔ ہم سب کو ملکر اپنے اپنے بچوں کی تعلیم لازمی بنانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ سکول سے باہر موجود بچوں کو تعلیم کے میدان میں لاکر ان کو معاشرے کا ایک فعال رکن بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے ایوان اقبال کمپلیکس میں ایک نجی سکول کی تقریب تقسیم انعامات میں شرکت کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سکول اساتذہ،طالب علم اور ان کے والدین بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر اعجازعالم نے نمایاں پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کیے اور والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچے ہی روشن پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہیں۔
جبکہ ہم سب کو ملکر تعلیم کی شمع جلائے رکھنی ہے۔ اعجاز عالم نے کہا کہ علم کے ذریعے جہالت کے اندھیرے ختم ہوں گے۔ انہوں نے بچوں کو تلقین کی کہ اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بچوں کو تعلیم کے لیے تحفظ فراہم کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ تقریب میں بچوں کی جانب سے مختلف خاکے پیش کیے گئے۔