وزیر اعظم کے ریلیف پیکیج کو قوم نے سراہا ہے،اعجاز چوہدری 

  وزیر اعظم کے ریلیف پیکیج کو قوم نے سراہا ہے،اعجاز چوہدری 

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سینیٹ سینیٹر اعجازاحمد چوہدری نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کا پٹرول، ڈیزل پر دس روپے فی لیٹر اور بجلی کے یونٹ میں پانچ روپے کمی کا اعلان خوش آئند ہے، موجودہ حالات میں عام آدمی کے لئے یہ ایک مناسب ریلیف ہے،ریلیف بجٹ پیکچ احسن اقدام ہے جس کو پوری قوم کی جانب سے بے حد سراہاجارہا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے ملک کو حقیقی معنوں میں پائیدار ترقی دینے کیلئے بنیا د رکھ دی ہے جس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے عوامی ریلیف کی خاطر اٹھائے گئے اقدامات پر تنقید اور شور اپوزیشن کی ذہنی کیفیت کو ظاہر کرتا ہے پی ٹی آئی جب سے اقتدار میں آئی ہے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کر رہی ہے۔

جنہیں سبوتاڑ کرنے میں اپوزیشن جماعتیں پیش پیش ہیں مگر انہیں ہر محاذ پر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑ رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان جیسے جیسے مشکلات اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنے عزم اور ولولے کا اظہار کرتے ہیں ویسے ویسے اپوزیشن جماعتوں کی سازشیں بڑھتی جاتی ہیں اپوزیشن سیاسی طو رپر مکمل بیروزگار ہے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے تحریک انصاف کی حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو غریب کی بہتری کیلئے ہی عوام نے حکومت دی ہے جسے یقینی بنا کر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے قول و فعل کی صداقت ثابت کردی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -