عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات جاری ہیں، عاطف خان 

       عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات جاری ہیں، عاطف خان 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے محکمہ خوراک اور سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان نے محکمہ خوراک کے انتظامی امور کو انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی  (آئی سی ٹی) بیسڈ پر استوار کرنے کے لئے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تا کہ محکمہ خوراک میں ہر قسم کی بدعنوانیوں کا تدارک یقینی بنایا جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ خوراک کی سالانہ ترقیاتی منصوبوں کے نئے و جاری سکیموں پر پیش رفت بارے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ خوراک،ڈائریکٹر فوڈ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر محکمہ خوراک کے حکام نے صوبائی وزیر کو  جاری و نئے منصوبوں پر پیشرفت بارے آگاہ کیا۔ اجلاس کو مختلف منصوبوں پر پیشرفت بارے بتایا گیا کہ گودام مینجمنٹ سسٹم،سپلائی مینجمنٹ سسٹم،فلیٹ مینیجنگ سسٹم،انسپکشن  منیجمنٹ  سسٹم، لیب  سسٹم،ای۔پروکیورمنٹ منیجمنٹ سسٹم پر تیزی سے کام جاری ہے جن پر بہت جلد کا م مکمل کیا جائے گا۔ عاطف خان نے متعلقہ حکام کو مزید ھدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری آٹے کی فراہمی کیلئے فلور ملز کی انسپکشن کو یقینی بنایا جائے اور  سرکاری رعایتی نرخ پر آٹے کی فراہمی پر بھی کڑی نظر رکھی جائے اور اس سلسلے میں جو بھی خردبرد میں ملوث پایا جائے اسکے خلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے تا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے عوام مستفید ہو سکیں انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات جاری رکھیں گی انہوں نے حکام کو مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے مزید اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی عاطف خان نے مزید کہا کہ محکموں میں اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ بہتر طرز حکمرانی کے لئے محکموں میں اصلاحات کا تسلسل ضروری ہے انہوں نے محکمہ خوراک کے متعلقہ حکام کو محکمے کے تمام منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

مزید :

صفحہ اول -