بلدیاتی انتخابات دوسرا مرحلہ، حساس پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات
پشاور(سٹی رپورٹر)خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ حساس پولنگ اسٹیشنوں کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے، اور زیادہ پولنگ اسٹیشنوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائی جائے اور پولیس سمیت دیگر سیکورٹی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر خوشحال زادہ نے ڈپٹی کمشنر کرم کے کانفرنس روم میں 31 مارچ کو ضلع کرم میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے لئے انتظامات کے حوالہ سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں کمانڈر 73 بریگیڈ، کمانڈنگ آفیسر 72 بلوچ رجمنٹ ڈپٹی کمشنر کرم، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، جملہ ریٹرننگ افسران، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفیسر، ایکسئین ٹیسکو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپر و لوئر کرم اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 220کے تحت انتظامیہ کی الیکشن کمیشن کے ساتھ انتخابات کے آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں معاونت کی پابند ہے، لہذا اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عوام، ووٹروں، اْمیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ انہیں انتخابی عمل میں حصہ لینے کیلئے بھی یکساں مواقع مہیا کئے جائیں، خوشحال زادہ نے مزید کہا کہ متعلقہ ادارے اس ضمن میں الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل در آمد یقینی بنائیں تاکہ یہ انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہوسکیں، ڈی آر او نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی عملہ بالخصوص خواتین عملہ، مواد کی تقسیم اور ٹرانسپورٹیشن کا بھی مناسب بندوبست اور سیکورٹی کا انتظام کیا جائے، خوشحال زادہ نے بتایا کہ نتائج مرتب کرتے وقت ڈی آر اوز اور آر اوز کے دفاتر میں بھی خاطر خواہ سیکورٹی انتظامات کئے جائیں، سیکورٹی کے حوالہ سے اجلاس کو بتایا گیا کہ زیادہ حساس، حساس اور نارمل پولنگ اسٹیشنوں میں اسیکورٹی کا مناسب بندوبست کیا جائیگا، پاک فوج کے حکام نے بھی تعاون کا یقین دلایا ڈپٹی کمشنر نے بھی ڈی آر او کو یقین دلایا کہ انشاٗ اللہ بلدیاتی انتخابات کے لئے مناسب انتظامات کئے جائینگے، اور الیکشن کمیشن کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کیا جائیگا، ڈی آر او خوشحال نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔