خیبر پختونخوا میں برفباری اور بارشوں کا سلسلہ جاری، 6 افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا میں برفباری اور بارشوں کا سلسلہ جاری، 6 افراد جاں بحق
خیبر پختونخوا میں برفباری اور بارشوں کا سلسلہ جاری، 6 افراد جاں بحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران مکان کی چھت پر تودے گرنے کے الگ واقعات میں بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جس سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ دوسری جانب بالائی علاقوں میں برف باری کی وجہ سے ان علاقوں کا رابطہ دیگر سے منقطع ہو گیا۔

ڈی ایم اے کے مطابق بند رستوں کو کھولنے کا کام شروع کردیا گیا ہے، تاہم مسلسل برف باری کام میں رکاوٹ اور سست روی کی وجہ بن رہی ہے۔دریں اثنا دیر لوئر کے علاقے میں ایک گھر کی چھت پر مٹی کا تودہ گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق ملبے تلے 4 افراد کے دب جانے کی اطلاع تھی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے3 لاشوں اور ایک زخمی کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 25 سالہ زاہد ولد شیر مولا سکنہ نگری بالا تالاش، 23 سالہ زوجہ زاہد، 5 سالہ حریرہ جب کہ 3 سالہ طفلہ ارحم عمر زخمی ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق باجوڑ غاخی کنڈؤ ماموند میں تیز بارش کی وجہ سے کچے مکان کے کمرے کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہو گئے۔کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ڈیزاسٹر اور میڈیکل ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور مقامی افراد کے ساتھ مل کر بچوں کو ملبے سے نکال دیا۔