بینک کے نادہندہ ن لیگ کے امیدوار شیخ محمد یعقوب نااہل ہو گئے
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے جھنگ سے نیشنل اسمبلی کے حلقہ 89 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ 78 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار شیخ محمد یعقوب کو نااہل قرار دے دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ محمد یعقوب کو بینک نادہندہ ہونے پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار شیخ محمد یعقوب نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا اترتے ہیں لیکن اس کے باوجود الیکشن ٹریبونل نے انہیں نااہل قرار دیا، عدالت انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے ریکارڈ طلب کیا تو الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ شیخ محمد یعقوب دو کمپنیوں کے مالک ہیں اور ان کمپنیوں نے بینک سے قرضہ لے رکھا ہے اور غیر قانونی طور پر قرضہ معاف بھی کرایا ہے جس پر الیکشن ٹریبونل نے انہیں نااہل قرار دیا تھا۔ عدالت نے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھا اور شیخ محمد یعقوب کو الیکشن کیلئے نااہل قرار دے دیا۔