ٹی20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اٹل ہے، شاہد آفریدی

ٹی20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اٹل ہے، شاہد آفریدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(آن لائن) پاکستان کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اٹل ہے۔35 سالہ آفریدی 2010 میں ٹیسٹ اور حال ہی میں ورلڈ کپ2015 کے بعد ون ڈے کرکٹ سے سبکدوش ہو چکے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد عالمی کرکٹ کو مکمل طور پر خیر آبادکہہ دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ انگلینڈ کاؤنٹی اور کچھ ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلنے کے خواہش مند ہیں۔ آفریدی نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اگلے سال مارچ۔اپریل انڈیا میں منعقد ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اچھا کھیل کر رخصت ہوں گے۔’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اتنا طویل عرصہ پاکستان کیلئے کھیلوں گا۔ میں خوش گوار یادوں کے ساتھ اپنا کیرئیر ختم کرنا چاہتا ہوں‘۔گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی قومی ٹیم کے کپتان بنائے جانے والے آفریدی ٹیسٹ اور ون ڈے میں بھی پاکستان کی قیادت کر چکے ہیں۔ آفریدی نے 398 ون ڈے میچوں میں 8064 رنز اور 395 وکٹیں حاصل کیں۔وہ تینوں فارمیٹس میں سب سے زیادہ 453 چھکے لگانے کے عالمی ریکارڈ کے بھی حامل ہیں۔