اعلیٰ پولیس افسران کی مساجد میں کھلی کچہریاں ، موقع پر احکامات جاری
لا ہور (کرا ئم سیل )ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ جہاں پولیس جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے دن رات کوشاں ہے وہاں سائلین کی داد رسی کے لئے بھی اپنا کردار ادا کررہی ہے ۔جس طرح لاہور پولیس کے افسران نے تھانوں میں ایڈمن افسران کی تعیناتی ،موبائل ڈیٹا ٹریکنگ سسٹم ،شعبہ تفتیش میں جدید تقاضوں کے مطابق اقدامات اور پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15کی اپ گریڈیشن جیسے اقدامات اٹھائے ہیں اس کے بعد یقیناًعام سائلین کی داد رسی ہو رہی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر گزشتہ روزمتعددپولیس افسران نے اپنے علاقہ جات میں مساجد میں کھلی کچہریاں لگائیں جہاں لوگوں کی درخواستوں پر موقع پر احکامات جاری کئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی مسلم ٹاؤن عبداللہ جان نے جامع مسجد ایل بلاک وحدت کالونی ،ڈی ایس پی اقبال ٹاؤن شبیر احمد نے جامع مسجد بیت النور ہما بلاک اور ڈی ایس پی گلشنِ راوی غلام عباس رانا نے جامع مسجد غو ثیہ نیشنل ٹاؤن میں نمازِ جمعہ کے بعدکھلی کچہریاں لگائیں اورلوگوں کے مسائل سنے۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ لاہورپولیس کے افسران نے کھلی کچہریوں میں آج تک 5400 سے زائد سائلین کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کیئے ۔