عمران خان کی وزیر اعظم اور فوج کو لڑانے کی سازش کا میاب نہیں ہو گی ،پرویز رشید

عمران خان کی وزیر اعظم اور فوج کو لڑانے کی سازش کا میاب نہیں ہو گی ،پرویز رشید

 اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اپنے فرائض سے بخوبی آگاہ ہیں، عمران خان جیسے سازشی لوگ انہیں اور فوج کو لڑانے کی کسی کوشش میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو یاد رکھنا چاہیے کہ فوج کے جرنیلوں کے بارے میں انکی گفتگو سوشل میڈیا پر ویڈیو کی شکل میں موجود ہے اور یہ ہماری حب الوطنی ہے کہ اسے نشر کرنے سے گریز کیا۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ اگر عمران خان اپنے کالے کرتوتوں سے باز نہ آئے تو پھر ہمیں مجبوراً انکو آئینہ دکھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنے قومی کردار اور پاکستان کے قومی مفادات کو بخوبی سمجھتے ہیں، جس سے عمران خان ناآشنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستان کی قومی سلامتی کے اداروں کو عمران خان جیسے ترجمانوں سے اللہ محفوظ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نہ بھولیں کہ کل تک یہی عمران خان دہشتگردوں کے حق میں جلوس نکالا کرتے تھے اور ہمارے شہید فوجیوں کیلئے کبھی کلمہ خیر انکے منہ سے نہیں نکلا۔ انہوں نے کہا کہ کل تک دہشتگردوں کا سند یافتہ ترجمان آج فوج کا ترجمان بننے کی کوشش نہ کرے۔

مزید : صفحہ اول