جہاز ٹیک آف کرنے سے پہلے نوجوان لڑکی نے مسافروں کو ایسا لطیفہ سنا دیا کہ سہیلی سمیت جہاز سے ہی اُتار دیا گیا

جہاز ٹیک آف کرنے سے پہلے نوجوان لڑکی نے مسافروں کو ایسا لطیفہ سنا دیا کہ ...
جہاز ٹیک آف کرنے سے پہلے نوجوان لڑکی نے مسافروں کو ایسا لطیفہ سنا دیا کہ سہیلی سمیت جہاز سے ہی اُتار دیا گیا

  


میڈریڈ(مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی آئرلینڈ کے دارالحکومت بیلفاسٹ سے سپین کے شہر بارسیلونا جانے والی پرواز میں 2خواتین کو شراب پی کر عملے کے اراکین کے ساتھ بدتمیزی کرنا اور خود کو خودکش حملہ آور بتا کر مسافروں کو خوفزدہ کرنا مہنگا پڑ گیا۔ برطانوی اخبار ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق دونوں خواتین 14افراد کے ایک گروپ میں شامل تھیں جو اپنی ایک دوست کی 50ویں سالگرہ منانے کے لیے بارسیلونا جا رہا تھا۔ دونوں خواتین جہازشراب کے نشے میں دھت تھیں۔ انہوں نے جہاز کے اڑان بھرتے ہی عملے سے مزید شراب کا مطالبہ کر دیا اور انکار پر انہیں گالیوں سے نوازا اور انتہائی بدتمیزی کی۔

رپورٹ کے مطابق ان دونوں خواتین نے ساتھی مسافروں سے کہا کہ ”تم سمجھ رہے ہو کہ ہم خودکش حملہ آور ہیں، ہاں ہم واقعی خودکش حملہ آور ہیں۔“ ان کے اس فقرے پر جہاز میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مسافروں نے انتہائی سراسیمگی کے عالم میں باقی سفر طے کیا۔ جہاز میں سوار بچے مسلسل روتے رہے۔ بارسیلونا میں جب جہاز لینڈ ہوا تو ان دونوں خواتین کو پولیس نے طیارے میں آ کر گرفتار کر لیا اور تفتیش کے لیے اپنے ساتھ لے گئی۔ ایک مسافر نے ان خواتین کی ہلڑبازی کی ویڈیو بنا کر انٹرنیٹ پر شیئر کی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے گروپ کے دیگر افراد انہیں روکنے کی بجائے الٹا ان کی طرف داری کر رہے ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ یہ پرواز ایزی جیٹ ایئرلائنز کی تھی۔ ایئرلائنز کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ہم کسی بھی مسافر کے ایسے ناروا اور دھمکی آمیز روئیے کو برداشت نہیں کرتے جس سے مسافروں اور جہاز کے عملے کو ذہنی کوفت کا سامنا ہو۔ ہم تفتیش میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔“

مزید : ڈیلی بائیٹس