امریکہ‘ماں کے پیٹ سے بچی چور نوسرباز خاتون کو 100 سال قید

امریکہ‘ماں کے پیٹ سے بچی چور نوسرباز خاتون کو 100 سال قید

کولوراڈو(این این آئی)امریکہ کی ایک عدالت نے ایک حاملہ خاتون کا پیٹ چاک کر کے اس کی بچی چوری کرنے کے لرزہ خیز واقعے میں ملوث امریکی خاتون ڈینیل لین کو 100 سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ڈینیل لین پر الزام تھا کہ اس نے مارچ 2015ء کو خود سے دس سال چھوٹیMichelle Wilkins نامی ایک امریکی خاتون کو بے ہوش کرنے کے بعد اس کے پیٹ سے آٹھ ماہ کا بچہ نکال لیا تھا اور خود فرار ہو گئی تھی۔36 سالہ ڈینیل نے انٹرنیٹ پرایک شخص کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئیاسے ہونے والی بچی کے والد کے طور پر پیش کرنے کا ڈرامہ رچایا۔ اس کے بعد اس نے انٹرنیٹ پر ایک اشتہار جاری کیا جس میں زچگی کے دوران استعمال ہونے والے کپڑے سستے داموں فروخت کرنے کی پیش کش کی تھی۔ اس دوران حاملہ خاتون میچل امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر ’’لانگ ماؤنٹ‘‘میں واقع کپڑوں کی خریداری کے لیے ڈینیل کے گھرپہنچی۔ بچے کی پیدائش کوابھی تین ہفتے کا وقت باقی تھا۔ نوسرباز خاتون نے ٹیبل لیمپ اٹھا کر اس کے سرمیں مارا جس کے نتیجے میں میچل بے ہوش ہوکر گر پڑی۔ اس کے بے ہوش ہوتے ہی ڈینیل لین نے ایک چھری سے اس کا پیٹ چاک کیا اور پیٹ سے بچی کو نکال کر فرار ہو گئی۔ میچل کو ہوش آیا تو وہ خون میں لت پت تھی اور اس کا پیٹ چاک تھا۔ اس نے تکلیف کی شدت میں طبی امدادی اداروں کو مدد کے لیے کال کی۔ اسے اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے بتایا کہ اس کے پیٹ سے بچی نکال لی گئی ہے۔اس پر میچل کو بہت صدمہ پہنچا۔ اس نے بتایا کہ میں نے اپنی بیٹی کا پیدائش سے پہلے ہی نام بھی تجویز کر رکھا تھا۔ ماں کے پیٹ سے بچہ چوری کرنے کے انوکھے کیس کے منظرعام پر آنے کے بعد چور کی تلاش شروع ہوئی اور پولیس نے چند ہی روز میں نوسرباز خاتون کو گرفتار کر لیا۔

اس پر مقدمہ چلایا گیا اور اقدام قتل کے الزام میں سے 48 سال جبکہ غیرقانونی طور پر بچہ چوری کے جرم میں 32 سال قید سمیت مجموعی طور پر ایک سو سال قید کی سزا سنائی گئی۔

مزید : عالمی منظر