فوڈ سیکورٹی ایکٹ مصیبت زدہ کشمیریوں کیخلاف غذائی جارحیت ہے: میر واعظ عمر فاروق

فوڈ سیکورٹی ایکٹ مصیبت زدہ کشمیریوں کیخلاف غذائی جارحیت ہے: میر واعظ عمر ...

سری نگر ( اے این این ) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہفوڈسیکورٹی ایکٹ کا نفاذ مصیبت زدہ کشمیر ی عوام کیخلاف غذائی جارحیت ہے۔ تفصیلات کے مطابق حریت کانفرنس (ع) کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس حریت چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں فوڈسیکورٹی ایکٹ کے نفاذ کو مصیبت زدہ کشمیر ی عوام کیخلاف غذائی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ متذکرہ ایکٹ کا نفاذ پہلے سے شدید مصائب کے بھنور میں پھنسے عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کرنے کے مترادف ہے اور اگراس ضمن میں مسائل کے ازالے کیلئے حکومت کی طرف سے فوری و مناسب اقدامات نہیں کئے گئے تو حریت کانفرنس اس بارے میں عوامی احتجاج میں شامل ہونے پر مجبور ہوجائیگی۔اجلاس میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ کشمیر میں زرعی زمینوں کو جس طرح پختہ جنگلوں میں تبدیل کیا جارہاہے اس میں جہاں حکمرانوں کی غلط پالسیوں کا بڑا عمل دخل ہے ۔

جو اول تو خود ان زمینوں پر سرکاری عمارتیں کھڑی کرکے اس ضمن میں بنے قانون کو بڑی بے دردی کیساتھ ٹوڑنے کے مرتکب ہوئے ہیں اورلوگوں کی جانب سے بھی ان زمینوں پر تعمیرات کھڑی کرنے پر مصلحتا خاموشی اختیار کرکے یہاں کے زرعی شعبہ کو شدید نقصانات سے دوچار کردیا وہیں یہاں کے عوام خصوصا زراعت کے پیشے سے وابستہ لوگوں نے ان زمینوں پر بے تحاشہ تعمیرات کھڑی کر کے ریاست کو غذائی بحران سے دوچار کرنے میں ایک اہم رول ادا کیا ہے۔

مزید : عالمی منظر