فاسٹ بولرمحمدعامر کا باؤنسرز کے ساتھ سلمان بٹ کا استقبال
کراچی( اے این این ) سلمان بٹ اورمحمد عامر کا پاکستان کپ میں پہلی بار آمنا سامنا ہوا۔ محمد عامر اور بلے باز سلمان بٹ مد مقابل ہوئے تو فاسٹ بولر نے بیٹسمین کے خلاف خوفناک اوور کرایا جس میں دو باؤنسرز بھی شامل تھے، پہلی گیند ہی شارٹ لینتھ تھی جس پر سلمان نے نیچے جھک کر خود کو بچایا، تیسری گیند بھی شارٹ پچ تھی، اگلی گیند عامر نے باؤنسر پھینکا جس پر سلمان کیساتھ وکٹ کیپر بھی بیٹ ہوئے اور بائی کے چار رنز پنجاب کو مل گئے، پانچویں گیند ایک بار پھر شارٹ لینتھ تھی اور اس بار بھی سلمان کو نیچے جھک کر خود کو بچانا پڑا،آخری بال پر بڑی مشکل سے انھوں نے سنگل لیا۔ سلمان بٹ نے سندھ کیخلاف میچ میں 39 رنز بنائے تھے، عامر کی تھرو پر ہی وکٹ کیپر سرفراز نے انھیں رن آؤٹ کیا تھا۔