بلاول بھٹو کے خلاف بدزبانی دیرینہ نفرت کا اظہار ہے، اعجاز درانی

بلاول بھٹو کے خلاف بدزبانی دیرینہ نفرت کا اظہار ہے، اعجاز درانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلاول ہاؤس کے ترجمان اعجاز درانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے وزراء کی جانب سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال ملک وقوم کی توہین ہے۔ درباریوں نے آج بی بی شہید کے صاحبزادے کے خلاف بات کرکے ایک مرتبہ پھر بھٹو خاندان سے اپنی دیرینہ نفرت کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کو بلاول ہاؤس سے جاری بیان میں اعجاز درانی نے کہا کہ آمروں کی باقیات اپنی کرسی اور دولت کی لڑائی میں بھٹو خاندان کا نام لینے سے گریز کریں۔ا نہوں نے کہا کہ جب ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا تو بڑے میاں اور چھوٹے میاں کے گھر میں بھنگڑے ڈالے گئے۔ بھٹو کی شہادت کے جرم میں بھی نام نہاد شریفوں کو لوہار کی جگہ تخت لاہور خیرات میں نصیب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کوڑے اور پھانسیوں کے پھندوں کا سرا صرف اور صرف پیپلز پارٹی کی قیادت اور ان جیالوں کو نصیب ہوا جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ اعجاز درانی نے کہا کہ ضیاء کی باقیات نے آصف علی زرداری سے سیکھا ہوا قربانیوں کا سبق خود اپنے ہی ہاتھ سے ڈبودیا ہے۔

مزید : کراچی صفحہ آخر