آئی پی ایل کے میچ میں ہربھجن اور رائیڈو کی لڑائی، شائقین ششدر رہ گئے

آئی پی ایل کے میچ میں ہربھجن اور رائیڈو کی لڑائی، شائقین ششدر رہ گئے
آئی پی ایل کے میچ میں ہربھجن اور رائیڈو کی لڑائی، شائقین ششدر رہ گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) کرکٹ میچ میں عموماً مخالف ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی اور تناﺅ دیکھنے میں آتا ہے لیکن آئی پی ایل کے ایک میچ میں سٹیڈیم میں موجود شائقین اور دنیا بھر میں ٹی وی پر دیکھنے والے افراد اس وقت ششدر رہ گئے جب انہوں نے ممبئی انڈئینز کیلئے کھیلنے والے ہربھجن سنگھ اور امباتی رائیڈو کو آپس میں ہی لڑتے دیکھا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہربھجن سنگھ بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے تیواری کو انتہائی نپی تلی باﺅلنگ کرا رہے تھے اور انہیں سکور کرنے سے روک رکھا تھا تاہم ایک گیند پر تیواری نے لیگ سائیڈ پر شاٹ کھیلا جہاں رائیڈو فیلڈنگ کیلئے کھڑے تھے۔ گیند کو اپنی جانب آتا دیکھ کر رائیڈ اسے پکڑنے کیلئے بھاگے اور ڈائیو لگا کر روکنے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہوئے اور گیند ان کے ہاتھ سے ٹکرا کر باﺅنڈری کے پار چلی گئی۔
ہربھجن کو رائیڈو کی کوشش پسند نہ آئی اور انہوں نے انتہائی غصے کے عالم میں رائیڈ کو گالیاں دے ڈالیں۔ رائیڈو کو ہربھجن کا یہ عمل بالکل پسند نہ آیا اور انہوں نے جواباً حملہ کیا اور دونوں کھلاڑی ہی ایک دوسرے کی جانب بڑھنے لگے جس پر کمنٹیٹرز اور سٹیڈیم میں موجود شائقین کی پریشان ہو گئے۔ دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کے قریب آئے اور ہربھجن نے رائیڈو کا غصہ کم کرنے کی کوشش کی اور یوں محسوس ہوا جیسے وہ اپنی غلطی پر نادم ہیں اور رائیڈو سے معافی مانگ رہے ہیں۔
اس وقت رائیڈو بھی انتہائی جذباتی نظر آئے جس کا اندازہ ان کی آنکھوں سے جاری ہونے والے آنسوﺅں سے سٹیڈیم میں بیٹھے تمام شائقین کو ہی ہو گیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل آئی پی ایل کے ایک ایڈیشن کے دوران ہی ہربھجن سنگھ اور سری سانتھ کے درمیان بھی جھگڑا ہوا تھا اور اس موقع پر تو ہربھجن سنگھ نے سری سانتھ کو ایک عدد تھپڑ بھی رسید کر دیا تھا۔

مزید :

کھیل -