پاناما لیکس معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ مشاورتی اجلاس،وزیراعظم کے استعفے پر تمام اپوزیشن جماعتیں متفق

پاناما لیکس معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ مشاورتی اجلاس،وزیراعظم کے ...
پاناما لیکس معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ مشاورتی اجلاس،وزیراعظم کے استعفے پر تمام اپوزیشن جماعتیں متفق

  


اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تمام اپوزیشن جماعتیں پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے پر متفق ہو گئیں ہیں،متفقہ ٹی او آر بنانے کیلئے 9رکنی کمیٹی تشکیل دیدگئی ہے اور اس کا اجلاس بھی جاری ہے ۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد میں اعتزاز احسن کی رہائش گاہ میں پاناما لیکس کے معاملے پر 9اپوزیشن جماعتوں کا مشاورتی اجلاس جاری ہے جس دوران وزیراعظم نوازشریف کے استعفے کے مطالبہ پر تمام اپوزیشن جماعتیں متفق ہو گئی ہیں ۔اجلا س میں پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے کمیشن چیف جسٹس کی سربراہی میں بنانے اور چھ سے آٹھ ہفتوں میں تحقیقات مکمل کرنے پر اتفاق کر لیا گیاہے ۔اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیاہے کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن کو عالمی آڈٹ فرم کی خدمات بھی حاصل ہوں ۔

اپوزیشن جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں انکوائری کمیشن 1956کے آئین کے تحت نہ بنانے ،صدارتی آرڈیننس سے بننے والے کمیشن کو پارلیمانی تحفظ فراہم کرنے اورسب سے پہلے وزیراعظم کے خاندان کی تحقیقات کرنے پر اتفاق کر لیا گیاہے۔

متفقہ ٹی او آر ز کی تیاری کیلئے نو رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس میں تمام جماعتوں کے ایک ایک نمائندے شامل کیے گئے ہیں،نو رکنی کمیٹی تمام جماعتوں کی جانب سے پیش کی گئی شفارشات کا جائزہ لے رہی ہے اور متفقہ ٹی او آرز کا ڈرافٹ بنائے گی۔دوسری جانب نجی ٹی وی چینل جیونیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتو ں نے وزیراعظم کو صفائی پیش کرنے کیلئے مہلت دینے کافیصلہ کیاہے ،اجلاس میں رائے پیش کی گئی کہ وزیراعظم کو مہلت دیئے بغیر استعفیٰ دینے کا مطالبہ مناسب نہیں ہو گا،نوازشریف پارلیمنٹ میں اپنے خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات پیش کریں،اور صفائی نہ دینے پر وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جائے گا۔

مزید : قومی