شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ بہت چالاک ہیں،ٹرمپ
واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو مشکل وقت سے اچھی طرح نمٹنے والا 'ہوشیار' رہنما قرار دیا ہے۔امریکی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کم جونگ نے کم عمری میں اقتدار سنبھالا اور وہ بھی تب جب انھیں کچھ انتہائی سخت لوگوں سے نمٹنا' پڑا۔شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے دوران ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں نہیں معلوم کہ کم جونگ ان ذہنی طور پر صحت مند ہیں یا نہیں۔شمالی کوریا کے رہنما نے اقتدار میں آنے کے دو سال بعد اپنے چچا کو مروا دیا تھا اور شک کیا جاتا ہے کہ حال ہی میں اپنے سوتیلے بھائی کو قتل کرنے کا حکم بھی انھوں نے ہی دیا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ سے جب پوچھا گیا کہ وہ شمالی کوریا کے رہنما کے بارے میں کیا سوچتے ہیں تو ان کا جواب تھاکہ لوگ پوچھتے ہیں کہ کیا وہ ذہنی طور پر ٹھیک ہیں؟ مجھے نہیں پتہ، لیکن وہ 26 یا 27 برس کے نوجوان تھے جب ان کے والد کا انتقال ہوا، ظاہر ہے کہ وہ بہت سخت لوگوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
خاص طور سے جرنیلوں اور دوسرے لوگوں کا۔امریکی صدر کے مطابق کم جونگ ان کو بہت کم عمری میں اقتدار ملا. میں جانتا ہوں کہ بہت سے لوگوں نے ان سے اقتدار چھیننے کی کوشش کی اب چاہے وہ ان کے چچا ہوں یا کوئی لیکن انھوں نے اقتدار کو اپنے پاس برقرار رکھا. ظاہر ہے کہ وہ بہت ہوشیار ہیں۔جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا اس کا متبادل فوجی کارروائی ہے تو انہوں نے کہاکہ مجھے نہیں معلوم میرا مطلب ہے، ہم دیکھیں گے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین کے صدر شی جن پنگ شمالی کوریا کے اتحادی ہیں اور وہ کم جونگ ان پر جوہری اور فوجی سرگرمیوں کو کم کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ ٹرمپ نے کہاکہ لیکن اب تک شاید کچھ نہیں ہوا۔