دنیا کو کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کا اعتراف کرنا ہوگا،میاں مقصود
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے ترک صدر رجب طیب ایردوان کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کی پیشکش کاپُرجوش خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں۔وقت کا تقاضا ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیاجائے۔نہتے کشمیری بچوں اور خواتین پربدترین ریاستی تشددکیاجارہاہے۔جب تک عالمی برادری مسئلہ کشمیر کاپُرامن حل نہیں نکالے گی دنیا میں امن کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی پرعالمی میڈیاٹس سے مس نہیں ہورہا۔ظلم وجبر کی ریاستی پالیسی سے ہندوستان کااصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔مقبوضہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ پاکستان کی شہ رگ ہے۔ہم اس سے کسی بھی صورت دستبردار نہیں ہوسکتے۔دنیا کو کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کااعتراف کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کا اعلان پاکستانی قوم کے دل کی آواز ہے۔یہ پاکستان کی بقاء کامعاملہ ہے۔حکومت پاکستان کوبھارت کی ہر مذموم کاروائی کامنہ توڑ جواب دینا چاہئے۔پوری پاکستانی قوم کشمیر کے ایشوپرمتفق ہے۔ہندوستان ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں مصروف ہے تودوسری جانب پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی اور دہشت گردانہ کاروائیوں میں براہ راست ملوث ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اول روز سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑاہے۔تین کروڑ کشمیری عوام کو ہندوستان کی 7لاکھ فوج نے یرغمال بنارکھا ہے۔گزشتہ 70برسوں کے دوران ایک لاکھ سے زائدکشمیریوں کو شہید،20ہزارسے زائد خواتین کی بے حرمتی،لاکھوں بچوں کو یتیم اور ہزاروں بے گناہ نوجوانوں کومختلف عقوبت خانوں میں ڈالاجاچکا ہے۔عالمی دنیا کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو رکوانے اور مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کے لیے اپنا کردار اداکرے۔