سعودی نوجوان پرفیوم کی تصویر سوشل میڈیا پر لگانے پر گرفتار
جدہ(مانیٹرنگ ڈیسک) ہمارے ہاں نجانے لوگ کیا کچھ سوشل میڈیا پر ڈالتے رہتے ہیں لیکن سعودی عرب میں ایک نوجوان کو پرفیوم کی بوتل کی تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا مہنگا پڑ گیا۔ اسے پولیس نے گرفتار کرکے حوالات میں ڈال دیا ہے۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق نوجوان نے King Chivasپرفیوم کی تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالی لیکن اس نے غلطی یہ کی کہ تصویر میں پولیس کی ایک گاڑی بھی نظر آ رہی تھی۔ اس پرفیوم کے پیک کی تصویر شراب کے پیک سے بالکل مشابہہ ہوتی ہے لہٰذا پولیس نے سمجھا کہ اس صارف نے اسے چیلنج کیا ہے چنانچہ اسے گرفتار کر لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ’’ہم نے انٹرنیٹ پر وہ تصویر دیکھی اور اس کی تحقیق کرکے پوسٹ کرنے والے کی شناخت حاصل کی اور اسے گرفتار کر لیا۔ اس شخص کی عمر 30سال کے لگ بھگ ہے۔ اس نے تصویر بنا کر سنیپ چیٹ پر پوسٹ کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ اس نے جس موبائل فون سے تصویر بنائی وہ بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔جلد اسے عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔‘‘