افغان سرحد پر ، پاک فوج کی 2چوکیوں پرحملہ ، جوابی کارروائی میں 3دہشتگرد ہلاک ، متعدد زخمی

افغان سرحد پر ، پاک فوج کی 2چوکیوں پرحملہ ، جوابی کارروائی میں 3دہشتگرد ہلاک ، ...

وانا(مانیٹرنگ ڈیسک )جنوبی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر افغانستان کی طرف سے دہشت گردوں نے پاک فوج کی دو چوکیوں پر رات گئے حملہ کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے جوابی کارروائی کی جس سے تین دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔

دہشت گرد حملہ

پارا چنار /ٹیکسلا/ شیخوپورہ (نمائندہ پاکستان ،بیورور پورٹ ، ایجنسیاں) لاہورمیں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے اورشیخوپورہ میں گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے ۔لاہور بڑی تخریب کاری سے بچ گیا ،شیخوپورہ میں موٹروے پولیس نے کوٹ پنڈی داس کے قریب ایک کار سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیاتاہم اس دوران ملزم گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ یہ اسلحہ لاہور میں دہشتگردی کیلئے استعمال ہونا تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کوٹ پنڈی داس کے قریب کار کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا جسے اسلام آباد سے موٹروے کے ذریعے لاہور لایا جا رہا تھا۔پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گاڑی کے مالک کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی کیونکہ اس بارے میں اطلاعات تھیں کہ لاہور میں تخریب کاری کیلئے مری سے اسلحہ کار کے ذریعے لاہور منتقل کیا جا سکتا ہے تاہم جیسے ہی جوانوں نے کوٹ پنڈی داس کے قریب مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشعارہ کیا تو ملزموں نے کار بھگا دی۔حکام کا کہنا ہے کہ تعاقب کے بعد گاڑی کو پکڑ لیا گیا مگر اس دوران گاڑی میں سوار 2ملزم فرار ہو گئے گاڑی سے 100 کے قریب رائفلیں،متعددکلاشنکوفیں ، پستول اور ہزاروں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ملک بھر دہشتگردوں کیخلاف آپریشن رد الفساد اور انٹیلی جنس کی بنیادوں پر کارروائیاں جاری رہیں۔ کرم ایجنسی میں دہشتگردوں نے فورسز پر حملہ کیا اورجوابی کارروائی میں9دہشت گرد ہلاک جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے اہلکار شہید اورکیپٹن سمیت دو زخمی ہو گئے ۔گن شپ ہلی کاپٹروں سے بمباری میں متعدد ٹھکانے تباہ ہو گئے ۔واہ کینٹ میں مارے گئے2 دہشتگردوں کی شناخت ہوگئی ہے خود کش جیکٹ برآمد،شیخو پورہ میں اسلحہ سے بھری گاڑی پکڑی گئی،ملزم فرار ہو گئے ۔اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں سرچ آ پریشنز کے دوران 66مشتبہ افراد گرفتار کر لئے گئے کرم ایجنسی کے علاقہ خوائیدادخیل میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرننگ کے تبادلہ میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے فورسز کی جوابی کارروائی میں کم از کم 7دہشتگردو ہلاک اور ان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق ساڑھے چھ بجے دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر گھات لگاکر اس وقت حملہ کیا جب قافلہ کرم ایجنسی کے وسطی علاقے یختہ میں گشت پر مامور تھا۔بعض ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا جس کے نتیجہ میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے مابین فائرنگ کا تباد لہ ہوا جس میں ایک سکیورٹی اہلکا ر اسماعیل خان شہید جبکہ کیپٹن غفار اور نائیک ز خمی ہوگئے ،زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ ٹل منتقل کر دیا گیا ، واقعہ کے فوری بعد فورسز نے گن شپ ہیلی کاپٹروں سے خوائیداد خیل کے دیہاتوں زاوا اور اورمیگی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شیلینگ کرتے ہوئے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ،دہشت گرد ٹھکانے چھوڑکر پہاڑی درے میں چھپ گئے جن کی تلاش جاری ہے ۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی کارروائی میں کم از کم 7دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ۔دوسری جانب راولپنڈی کے نواحی علاقے واہ کینٹ میں دو مبینہ دہشتگردوں کوہلاک کردیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق آپریشن ردالفساد کے سلسلے میں واہ کینٹ میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ سرچ آپریشن جاری تھا کہ اس دوران ایک گھر سے پولیس پر فائرنگ کی گئی، پولیس اور رینجرز کی جوابی فائرنگ سے دو مبینہ دہشت گرد صفت اللہ اور محمد عباس ہلاک ہوگئے۔ بعد ازاں پولیس اور رینجرز نے گھر کو گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیموں کو موقع پر طلب کر لیا اور گھر کی تلاشی لی گئی اور گھر سے بھاری مقدار میں اسلحہ سمیت خود کش جیکٹس برآمد ہوئیں ۔ایس ایچ او یاسر ربانی کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی شناخت عصمت اور محمد عباس کے نام سے ہوئی ہے،دونوں مبینہ دہشت گردوں کا تعلق چارسدہ اور پشاور ہے۔ ادھرموٹروے پولیس نے لاہور میں دہشتگردی کا ایک بڑا منصوبہ اس وقت ناکام بنا دیا جب دہشتگردوں کی ایک گاڑی کو شیخو پورہ میں روک کر بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا یہ اسلحہ پشاور سے لاہور پہنچایا جا ر ہا تھا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس موٹروے مسرور احمد کلاچی، ایس پی او زاہد اقبال اور پی او غلام مصطفے نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ موٹروے پولیس نے شیخوپورہ کے قریب کوٹ پنڈی داس کے قریب پشاور یا اسلام آباد سے لاہور جانے والی ایک مشکوک کار کو روکالیکن کار سوار ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی۔انھوں نے بتایا کہ موٹروے پولیس نے کار کا تعاقب کیا، جس کے نتیجے میں کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا کرالٹ گئی اور اس کے خفیہ خانوں میں چھپایا جانے والا اسلحہ اور سیمنٹ باہر نکل آیا جبکہ ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ایس ایس پی کے مطابق کار سے برآمد کیے گئے آتشیں اسلحہ میں 222 بور، 223 بور کی 100 رائفلیں، 7پسٹل اور گولیاں شامل ہیں، جنھیں قبضے میں لے کر کارروائی شروع کردی گئی۔ کار کے خفیہ خانوں میں چھاپا جانے والا اسلحہ لاہور میں ممکنہ دہشت گردی کیلئے استعمال کیا جانا تھا۔دوسری جانب موٹروے پولیس کی اعلی کارکردگی پر ملازمین کو انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد کے علاقوں جھنگی سیداں اورمحمدی کالونی سے سات مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جس میں دو افغان باشندے شامل ہیں۔ان کے قبضے سے بھاری ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جبکہ پشاور اور مردان میں بھی تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 59مشتبہ افراد کو گرفتار کیاگیا۔ان کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

آپریشن ردالفساد

مزید : صفحہ اول