بھارت کا ایل او سی پر فوجیوں کی لاشیں مسخ کرنے کا الزام ، پاکستان کی تردید
پونچھ/ نئی دہلی/راولپنڈی،اسلام آباد(اے این این،صباح نیوز)بھارتی فوج نے پاک فوج پرجنگ بندی کی خلاف ورزی اوربھارتی حدودمیں گھسنے کا روایتی الزام دہراتے ہوئے دعویٰ کیاہے کہ کنٹرول لائن کے کرشناگھاٹی سیکٹرمیں دواگلی چوکیوں کوراکٹوں اورمارٹرگولوں سے نشانہ بنایاگیا اسی دوران بارڈرایکشن ٹیم نے بھارتی حدودمیں گھس کرگشتی پارٹی پرحملہ کیا حملے کے نتیجے میں دواہلکارہلاک ہوگئے جن کی لاشیں مسخ کردی گئیں تاہم دفتر خارجہ اور پاک فوج نے اس الزام کومسترد کردیاہے ۔بھارتی فوج کی شمالی کمان کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان کہاگیاکہ پیرکی صبح تقربیاً ساڑھے آٹھ بجے ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن کے کرشنا گھاٹی سیکٹرمیں پاکستانی فوج نے بھارتی فوج کی دو اگلی چوکیوں پرراکٹوں اومارٹرگولوں سے حملہ کیااسی دوران پاکستانی فوج کی بارڈرایکشن ٹیم نے ان دوچوکیوں کے درمیان گشت پرمامورٹیم پر حملہ کردیاجس کے نتیجے میں فوج کاایک جونیئرکمیشنڈافسراورایک بی ایس ایف اہلکارہلاک ہوگیا ۔بیان میں دعویٰ کیاگیاکہ سرحدی اہلکاروں نے جنگ بندی کی خلاف ورزری ک موثرجواب دیا۔بیان میں کہاگیاکہ پاک فوج کایہ اقدام عسکری روایات کے منافی ہے اوراس قابل نفرت حرکت کا مناسب جواب دیا جائے گا تاہم بیان میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے ۔ بھارتی میڈیاکی رپورٹ میں فوجی ذرائع کے حوالے سے کہاگیاکہ پاکستانی فوج کی بارڈرایکشن ٹیم کے اہلکاروں نے دوسومیٹربھارتی حدودمیں گھس کرگشتی پارٹی پرحملہ کیااوردواہلکارں کی لاشیں مسخ کرڈالیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرمی نے کبھی کنٹرول لائن کی خلاف ورزی نہیں کی کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرنے کا بھارتی الزام غلط ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی لاشیں مسخ کرنے کا بھارتی الزام بھی غلط ہے پاکستان آرمی اعلٰی سطح کی پیشہ وارانہ فورس ہے پاکستان آرمی کسی فوجی کی توہین نہیں کر سکتی ۔دوسری جانب فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام بے بنیاد ہے۔بیان میں کہاگیاکہ پاک فوج اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کی حامل فوج ہے۔ بھارتی فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کا الزام غلط ہے۔ پاک فوج کسی بھی فوجی کی چاہے وہ بھارتی ہی کیوں نہ ہو، بے حرمتی نہیں کر سکتی۔
بھارتی الزام مسترد